قمری مہینوں کا آغاز چاند دیکھنے کی شہادت سے کیاجاتا ہے(فوٹو، سوشل میڈیا)
عالمی فلکیاتی مرکز کا کہنا ہے کہ بعض عرب ممالک میں یکم رمضان جمعرات یا جمعہ کو ہوگا جبکہ سعودی عرب میں جمعرات 29 شعبان کو چاند دیکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔
مقامی ویب نیوز ’سبق ‘ نے عالمی فلکیاتی مرکز کے حوالے سے کہا ہے کہ امسال عرب ممالک میں بھی رمضان المبارک کا آغاز ایک دن نہیں ہوگا۔
عرب ممالک جن میں عراق ، تیونس اور مصر شامل ہیں میں بروز بدھ 22 اپریل کو 29 شعبان ہے اس حساب سے وہ رمضان المبارک کا چاند دیکھیں گے اور اگروہاں ہلال دکھائی دے گیا تو جمعرات کو وہاں پہلا روزہ ہوگا بصورت دیگر اگر بدھ کی شام چاند دکھائی نہیں دیا تو مذکورہ ممالک میں یکم رمضان المبارک جمعہ کے روز ہو گا۔
فلکیاتی مرکز نے کہا کہ سعودی عرب سمیت دیگر اسلامی ممالک میں ماہ شعبان کی 29 تاریخ بروز جمرات ہوگی اس حساب سے وہاں یکم رمضان المبارک جمعہ یا ہفتہ کو ہوگا۔
واضح رہے سعودی عرب میں ام القری کیلنڈر کے اعتبار سے بروز بدھ 22 اپریل کو شعبان کی 29 تاریخ ہے جبکہ روئیت ہلال کمیٹی کے مطابق بدھ کے روز ماہ شعبان کی 28 تاریخ ہے اس حساب سے جمعرات کو سپریم کورٹ نے مملکت کے طول وعرض میں رمضان کا چانددیکھنے کی اپیل کی ہے۔
اگر رمضان المبارک کا چاند جمعرات کو دیکھنے کی شہادت موصول ہوگئی تو یکم رمضان المبارک بروز جمعہ 24 اپریل کو ہوگا بصورت دیگر ہفتے کے روز یعنی 25 اپریل کو پہلا روزہ ہو گا۔
یاد رہے سعودی عرب میں سپریم کورٹ کی جانب سے تمام لوگوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ چاند دیکھ کر گواہی دیں اگر چاند دیکھنے کی معتبر گواہی موصول ہوجائے تو متعلقہ کمیٹی ماہ رمضان کے آغاز کا اعلان کر دیتی ہے اسی طرح عید الفطر اور دیگر مہینوں کے لیے رویت ہلال کی بنیاد اور موصول ہونے کی والی شہادتوں کے اعتبار سے مہینوں کے آغاز کا تعین کیاجاتا ہے۔