Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش کی آزادی کے لیے میں بھی جیل گیا: نریندر مودی

مودی نے کہا بنگلہ دیش اور انڈیا کے پاس جمہوریت کی طاقت اور مستقبل کے لیے وژن موجود ہیں (فوٹو: پی ٹی آئی)
انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بنگلہ دیش کو آزادی کے پچاس سال پورے ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی کا اولین سیاسی مظاہرہ بنگلہ دیش کی آزادی کے لیے تھا۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق بنگلہ دیش کی آزادی کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کے لیے دو روزہ دورے پر ڈھاکہ میں موجود انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ’بنگلہ دیش کی آزادی کی جدوجہد میری زندگی کے سفر کا بھی ایک اہم لمحہ تھا۔  میں اور میرے ساتھیوں نے انڈیا میں بنگلہ دیش کی آزادی کے لیے احتجاج کیا اور اس وقت میں عمر کے تیسرے عشرے میں تھا اور بنگلہ دیش کی آزادی کے لیے اس احتجاج کے دوران میں جیل بھی گیا۔‘

 

بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ’مجیب جیکٹ‘ پہن کر مودی بنگلہ دیش کے صدر عبدالحامد اور وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے ساتھ بنگلہ دیش کے قومی دن کی تقریب میں شرکت کی۔
‘یہ میری زندگی کے یادگار لمحات میں سے ہے۔ میں مشکور ہو کہ بنگلہ دیش نے مجھے اس تقریب میں مدعو کیا۔‘
نریندر مودی نے کہا کہ ‘ہم اس ملک کے افواج کی جانب سے دی جانے والی عظیم قربانیوں کو نہیں بھولیں گے اور انڈین افواج کی بھی جو کہ بنگلہ دیشی فوجیوں کے شانہ بشانہ رہیں۔‘
مودی نے کہا بنگلہ دیش اور انڈیا کے پاس جمہوریت کی طاقت اور مستقبل کے لیے وژن موجود ہیں اور یہ خطے کے لیے ضروری ہے کہ دونوں ممالک ساتھ ترقی کریں۔

شیئر: