قریشی کا اماراتی وزیر خارجہ سے رابطہ، دو طرفہ روابط بڑھانے پر اتفاق
دونوں وزرائے خارجہ نے اعلیٰ سطح پر روابط بڑھانے پراتفاق کیا۔ (فائل فوٹو: عرب نیوز)
پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سنیچر کو متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبد اللہ بن زاید النہیان کے ساتھ ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے اماراتی ہم منصب کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے وزیر خزانہ شیخ حمدان بن راشد المکتوم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
اماراتی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے مختلف شعبہ جات میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے مابین اعلیٰ سطح پر روابط کے نتیجے میں سفری سہولیات میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے جسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور کے حوالے سے بین الاقوامی فورمز پر دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
شاہ محمود نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے دو طرفہ اعلیٰ سطح پر روابط کا تسلسل ناگزیر ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اعلیٰ سطح پر روابط بڑھانے پراتفاق کیا۔