Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں اجتماعی افطار اور اعتکاف پر پابندی برقرار 

رمضان پروگرام کورونا سے بچاؤ کے اصول پر تیار کیا گیا ہے۔(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ’ مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں رمضان کے دوران اجتماعی افطار اور اعتکاف پر پابندی رہے گی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اس سال مقدس مساجد کے لیے رمضان پروگرام کورونا وبا سے بچاؤ کے اصول پر تیار کیا گیا ہے‘۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ’ زائرین کورونا ایس او پیز کی پابندی کریں اور ویکسین لگوائیں۔ سماجی فاصلے کی پابندی کریں اورعمرہ زائرین کی صحت و سلامتی کی خاطر حفاظتی ماسک ضرور پہنیں‘۔ 
مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلی نے مقدس مساجد کے لیے رمضان آپریشنل پروگرام 1442 سے متعلق تفصیلات کا اعلان سالانہ ورچول میڈیا کانفرنس کے دوران کیا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ’ اجتماعی افطار اور اعتکاف پر پابندی جاری رہے گی۔ مطاف کے صحن کا ایک حصہ عمرہ زائرین کے لیے خاص ہوگا جبکہ مسجد الحرام میں 5 مصلے ہوں گے۔ مشرقی صحن میں بھی نماز کے لیے صفیں قائم کی جائیں گی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ مسجد الحرام کے مترجمین  زائرین کے لیے حرم گائیڈ کی سہولت فراہم کریں گے اور 23 زبانوں میں مفتیان کرام کے سامنے زائرین کے سوالات پیش کریں گے اور پھر ان کے جواب کا خلاصہ زائر کی زبان میں بیان کریں گے‘۔
السدیس نے بتایا کہ ’مقدس مساجد کی انتظامیہ زائرین حرم کے لیے مکہ مکرمہ گورنریٹ کے تعاون سے انفرادی افطار پیکٹ فراہم کرنے کی تیاری کررہی ہے‘۔

 انتطامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد نبوی اس کے اندرونی و بیرونی صحنوں اوردالانوں میں سحری پیکٹ پیش کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ (فوٹو ٹوئٹر)

’مسجد نبوی اس کے اندرونی و بیرونی صحنوں اوردالانوں میں کہیں بھی زائرین اور نمازیوں کو سحری پیکٹ پیش کرنے کی اجازت نہیں ہوگی‘۔ 
انہوں نے بتایا کہ ’معذوروں کے لیے خصوصی ’مصلے‘ ہوں گے۔ مصلے سے مراد وہ جگہ ہے جہاں نماز ادا کی جاتی ہے‘۔
علاوہ ازیں حرم مکی کے مشرقی صحن میں طہارت خانے بھی معذوروں کے لیے خاص ہوں گے۔ اجیاد پل اور باب الملک فہد کے سامنے معذوروں کے لیے طہارت خانوں کا انتظام ہوگا۔ 
 جمعے کے خطبے اور سوالات کے جواب کے لیے اشاراتی زبان میں ترجمہ کرنے والے بھی مہیا ہوں گے۔ 

شیئر: