Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مسجد نبوی میں تراویح کی دس رکعت ہوں گی‘

نمازیوں پر سماجی فاصلے اور حفاظتی تدابیر کی پابندی لازمی ہوگی۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں مسجد نبوی کی انتظامیہ نے رمضان کے دوران کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مزید حفاظتی انتظامات کا اعلان کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق انتظامیہ نے اتوار کو بیان میں بتایا کہ مسجد نبوی میں تراویح کی دس رکعت ہوں گی اور نماز کے آدھے گھنٹے بعد مسجد بند کردی جائے گی۔ 
مسجد نبوی کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ پندرہ برس سے کم عمر کے بچوں کو مسجد لانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ مسجد نبوی، اس کے صحنوں اور اس کی مختلف عمارتوں میں سحری پیکٹ تقسیم کرنے پر پابندی ہوگی اور اعتکاف بھی معطل رہے گا۔ 
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کے تعاون و اشتراک سے روزہ داروں کو افطار پیکٹ تقسیم کرائے جائیں گے جبکہ نماز کے لیے نئے مغربی صحن  استعمال کیے جاسکیں گے۔ 
نمازیوں پر سماجی فاصلے اور حفاظتی تدابیر کی پابندی لازمی ہوگی۔ روزہ داروں کو انفرادی طور پر افطار کی اجازت ہوگی۔ افطار کھجور اور پانی تک محدود ہوگا۔
مسجد نبوی کی پارکنگ سے نکلتے وقت ’موقف‘ (پارکنگ) ایپلی کیشن استعمال کرنا ہوگی۔ 
الاخباریہ کے مطابق مقدس مساجد کی انتظامیہ نے رمضان کے دوران تقریبا 5 ہزار کارکنان کو زائرین کی خدمت پر مامور کیا ہے۔ یہ سینیٹائزنگ اور مسجد الحرام کی صفائی کے انتظامات کریں گے۔ 
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران نمازیوں اورعمرہ زائرین کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

شیئر: