شوران ٹریکس پروجیکٹ سعودی وژن 2030 کے تحت بنایا جا رہا ہے۔( فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں مدینہ منورہ کے میئر انجینیئر فہد بن محمد البلیھشی نے کہا ہے کہ نجی ادارے کی شراکت سے مدینہ منورہ کے شوران محلے میں جدید طرز کے تین ٹریک قائم کیے جائیں گے۔ انہیں ’مسارات شوران‘ (شوران ٹریکس) پروجیکٹ کا نام دیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شوران ٹریکس پروجیکٹ سعودی وژن 2030 کے تناظر میں بنایا جا رہا ہے۔ اس کے تحت متعدد منصوبے نافذ ہوں گے جن سے مدینہ منورہ کے محلوں میں معیار زندگی بلند ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی بدولت بلدیاتی کونسلوں کی عمارتوں اور خالی میدانوں میں سہولتوں کا معیار بہتر ہوگا۔
بلدیاتی کونسلوں کو غیر منقولہ جائدادوں سے آمدنی کا نیا ذریعہ حاصل ہوگا۔ شوران کے علاقے میں تفریحات کی سہولتیں بڑھیں گی اور یہ محلہ رہائش، تفریح اور کاروبار کے حوالے سے پرکشش بن جائے گا۔
مدینہ منورہ میونسپلٹی نے کہا ہے کہ جو سرمایہ کار اس پروجیکٹ میں حصہ لینا چاہتے ہوں وہ 21 اپریل تک اپنی سکیمیں پیش کریں۔
سکیمیں پیش کرنے کا طریقہ کار ویب سائٹ پر واضح ہے۔ منصوبے کا دورانیہ 25 برس ہوگا۔ سرمایہ کار 336948 مربع میٹر رقبے پر کاروباری پروگرام نافذ کرسکیں گے۔
اخبار 24 کے مطابق شوران ٹریکس پروجیکٹ بی او ٹی کے تحت پرائیویٹ سیکٹرکے تحت نافذ ہوگا۔