’تبدیلی صرف بندہ تبدیل کرنے کا نام ہے، باقی نظام ویسا ہی رہے گا‘
حماد اظہر نے ٹویٹ کیا کہ وزیراعظم کی جانب سے وزارت خزانہ کا اضافی چارج دینے کو اعزاز سمجھتا ہوں۔ فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے حکومت کی معاشی ٹیم میں تبدیلی کی خبر پر تحریک انصاف کے رہنماؤں، اپوزیشن جماعتوں کے عہدیداروں اور سوشل میڈیا صارفین نے ردعمل ظاہر کیا ہے۔
پیر کی شام وفاقی حکومت کی جانب سے وزیر خزانہ عبدالحفیظ کو ان کے عہدے سے ہٹانے اور حماد اظہر کو خزانے کی وزارت کا انچارج بنانے کی خبر پر معاشرے کے مختلف طبقات سے مختلف ردعمل میں ملک کی دگرگوں معیشت اور مہنگائی کو گفتگو میں سرفہرست رکھا۔
ایک طرف تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے اس کو وزیراعظم کی جانب سے مہنگائی کو قابو کرنے کا اقدام قرار دیا تو دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حفیظ شیخ کی برطرفی کو اپوزیشن اتحاد پی ٹی ایم کی کامیابی سے تعبیر کیا۔
ٹوئٹر صارف حفیظ رانجھا نے حماد اظہر کو ٹیگ کر کے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ تحریک انصاف کا اصل چہرہ ہیں، وزیراعظم کے فیصلے سے خوشی ہوئی۔‘
ملک بلال اویس نے وزیر خزانہ کی تبدیلی پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’تبدیلی صرف بندہ تبدیل کرنے کا نام ہے، باقی نظام ویسا ہی رہے گا، مطلب مہنگائی بڑھے گی۔‘

رمیز نامی ٹوئٹر صارف نے حماد اظہر کو مخاطب کر کے لکھا کہ ’وزیر خزانہ بننے پر آپ کو بہت بہت مبارک، غریب عوام کا سوچیں۔ غریب بہت تنگ ہے، مہنگائی کو کنٹرول کریں۔ غریب خوشحال ہوگا تو اگلی پانچ سالہ حکومت بھی پی ٹی آئی کی ہوگی۔ سر! اگلے آنے والے جنرل الیکشن کا سوچیں۔‘

محمد فیضان نے لکھا کہ ’نوکری پیشہ طبقے اور مزدوروں کے لیے کوئی اچھا سا پیکیج متعارف کرائیں تاکہ مہنگائی کا خاتمہ ہو سکے آپ سے بہت امیدیں ہیں۔‘
ٹوئٹر صارف محمد احمد کے مطابق ’اتنی ہی ترقی ہو رہی تھی تو حفیظ شیخ کو ہٹایا کیوں؟ بندر بانٹ جاری ہے، بس کوئی رہ نہ جائے۔‘

قبل ازیں وزیر خزانہ نامزد کیے جانے کے بعد حماد اظہر نے ٹویٹ کیا کہ ’وزیراعظم کی جانب سے وزارت خزانہ کا اضافی چارج دینے کو اعزاز سمجھتا ہوں۔ سنہ 2018 کے بعد سے پاکستان کی معیشت نے استحکام کی جانب بڑھی ہے۔ گروتھ میں مزید بہتری کے لیے ہمیں اس سفر کو جاری رکھنا ہے۔‘