غیرملکی کی مدد پر امارات کے ٹریفک پولیس افسر کا شکریہ
غیرملکی کی گاڑی شارجہ میں الحومہ پل پر خراب ہوگئی تھی (فوٹو ٹوئٹر)
ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے ٹریفک افسر احمد الحمادی سے ٹیلیفون پر رابطہ قائم کرکے مقیم غیرملکی کے ساتھ انسانیت نواز سلوک پر شکریہ ادا کیا ہے۔
غیرملکی کی گاڑی شارجہ میں الحومہ پل پر خراب ہوگئی تھی۔ ٹریفک افسر الحمادی نے فوری مدد کرکے مسئلہ حل کرایا۔
اخبار 24 نے بتایا کہ ریفک پولیس افسر الحومہ پل سے گزر رہے تھے، انہوں نے دیکھا کہ ایک غیرملکی کی گاڑی خراب ہوگئی ہے۔ فورا اس کی مدد کو پہنچ گئے۔
غیرملکی کی گاڑی عجمان کے ایک گیراج منتقل کرائی اور وینچ کا کرایہ بھی غیرملکی کو بتائے بغیر اپنی جیب سے ادا کیا۔
شیخ محمد بن زاید نے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے الحمادی کو خراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ ’میں براہ راست آپ کا شکریہ ادا کرنے کے لیے فون کررہا ہوں آپ نے بہت اچھا کام کیا‘۔
اخباری رپورٹوں میں یہ بھی بتایا گیا کہ ٹریفک افسر الحمادی نے مقیم غیرملکی کی فیملی کے تمام افراد کو ان کے گھر تک پہنچانے کا بھی انتظام کیا۔
الحمادی نے شیخ محمد بن زاید کے رابطے پر دلی مسرت کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر الحمادی کے رابطے کی تصویر وائرل ہوگئی-