Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا سے چینی، کپاس کی درآمد سے غریب عوام کو فائدہ ہوگا: وزیرخزانہ

پاکستان کے وزیر خزانہ حماد اظہر نے کہا ہے کہ انڈیا سے چینی اور کاٹن کی درآمد کے فیصلے سے غریب عوام کو فائدہ ہوگا۔ 'انڈیا میں چینی کی قیمت پاکستان سے کم ہے اس لیے وہاں سے امپورٹ کر رہے ہیں۔'
بدھ کو اسلام آباد میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت تمام پالیسیاں عوام کے مفاد میں بنا رہی ہے۔ 
'کبھی کبھی سخت فیصلے کرنے ہوتے ہیں اور کبھی درست فیصلہ سخت فیصلہ بھی ہوتا ہے۔ عام آدمی کی فلاح ترجیح ہوگی۔'
قبل ازیں پاکستان کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے انڈیا سے چینی، کپاس اور سوت کی درآمد کی اجازت دی جسے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان تجارت کی بحالی کے لیے اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔ 
وزیر خزانہ حماد اظہر کی سربراہی میں ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں انڈیا سے چینی درآمد کرنے کی منظوری دی گئی۔ 
انڈیا سے تجارتی روابط بحال کرنے اور چینی، کپاس کے علاوہ دیگر اشیا درآمد کرنے کے سوال پر حماد اظہر نے کہا کہ 'ہم نے یہ دیکھنا ہے کہ پاکستان کا فائدہ کس میں ہے۔ دو فوری چیزیں ہمارے سامنے تھیں ان پر فیصلہ کر لیا گیا ہے دیگر چیزوں کو بھی دیکھیں گے۔' 
چینی کی قمیتوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انڈیا سے پندرہ سے بیس فیصد فرق ہے۔ 
وزیر خزانہ کے مطابق چینی کی درآمد کے دو راستے ہیں ایک سرکاری اور دوسرا کمرشل، جو نجی سطح پر امپورٹ کی جاتی ہے۔ 'جہاں تک کپاس کے درآمد کی بات ہے تو ہر سال لاکھوں ٹن باہر سے منگواتے ہیں انڈیا سے پہلی بار امپورٹ کر رہے ہیں۔'
ان کا کہنا تھا کہ براہ راست منتخب ہو کر آیا ہوں اور واپس عوام میں جانا ہے اس لیے بھی عام لوگوں کا خیال ہے۔

وزیر خزنہ حماد اظہر کے مطابق انڈیا میں باقی دنیا کے مقابلے میں چینی کی قیمت کم ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

خیال رہے کہ اگست 2019 کے بعد سے پاکستان اور انڈیا کے درمیان تجارت معطل ہے۔  
حماد اظہر نے بتایا کہ مستحق افراد تک زیادہ فائدہ پہنچانے کے لیے ٹارگیٹڈ سبسڈیز پر تمام محکموں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
'یورو بانڈ پر لگائے گئے کے اندازوں سے زیادہ نرخ ملا۔ وزیر خزانہ بنتے ہی سنڈیکیٹ آف انٹرنیشنل بینکنگ کے ساتھ بات کی تھی۔'
وزیر خزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے بات چیت جاری ہے اور 50 کروڑ ڈالر قرض کی قسط مل گئی ہے جبکہ یورو بانڈز کے اڑھائی ارب ڈالر بھی ہمارے ریزرو میں جمع ہو جائیں گے۔
فٹیف سے متعلق سوال پر وزیر خزانہ نے کہا کہ شرائط مکمل کرنے پوری کوشش کر رہے ہیں۔ تین چیزیں رہ گئی ہیں ان پر عمل کر کے مکمل کر رہے ہیں۔
سٹیٹ بینک کی خودمختاری کے سوال پر حماد اظہر نے جواب دیا کہ بل کو پارلیمنٹ میں لے کر جائیں گے 'کھلے دل اور دماغ کے ساتھ تمام شراکت داروں کی رائے لیں گی اور اگر کوئی نظرثانی کرنا پڑی تو ضرور کریں گے۔'

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

وزیر خزانہ حماد اظہر نے پریس کانفرنس کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا بھی اعلان کیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق پٹرول کی قمیت میں ایک روپے 55 پیسے کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 110 روپے 35 پیسے ہوگی۔ ڈیزل کی قمیت میں تین روپے اور مٹی کے تیل کی قمیت میں ایک روپے 55 پیسے کمی کی گئی ہے۔

شیئر: