Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: نجی سکیورٹی کمپنی کے گارڈ کی شہری پر فائرنگ، سکیورٹی کمپنی کے دفاتر سیل

نکات
  • جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک کی مسجد میں دھماکہ، متعدد زخمی
  • خواجہ آصف کا دہشت گردوں کو بسانے کا بیان گمراہ کن: بیرسٹر سیف
  • جعفر ایکسپریس واقعے کے بعد تیز کارروائی پر فوج کو سلام: بلاول بھٹو
  • جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک کی مسجد میں دھماکہ، متعدد زخمی

لاہور کے بیجنگ انڈر پاس میں نجی سکیورٹی کمپنی کے گارڈ کی شہری پر براہ راست فائرنگ کے واقعے کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب نے نجی سکیورٹی کمپنی کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جمعے کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق اونکس سکیورٹی اینڈ مینجمنٹ سروسز کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے اس کے دفاتر عارضی طور پر سیل کر دیے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سکیورٹی کمپنی پر ’پرائیویٹ سکیورٹی کمپنیز (ریگولیشن اینڈ کنٹرول) (ترمیم) ایکٹ، 2004‘ ضابطے کی پابندی لازم تھی۔ ضابطے کے مطابق سکیورٹی کمپنی کسی ایسے شخص کو گارڈ نہیں رکھ سکتی جو ذہنی یا جسمانی طور پر موزوں نہ ہو۔‘
سکیورٹی کمپنی 30 یوم میں شوکاز نوٹس کا تحریری جواب جمع کروانے کی پابند ہے ۔ غیرتسلی بخش جواب پر سکیورٹی کمپنی کا لائسنس منسوخ ہو گا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی20 اتوار کو کرائسٹ چرچ میں

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی20 انٹرنیشنل میچ اتوار کو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔
یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح سوا چھ  بجے شروع ہو گا۔
ٹی20 سیریز میں پاکستان ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کر رہے ہیں۔
 اس سے قبل انہوں نے زمبابوے کے خلاف سیریز میں قیادت کی تھی جو پاکستان نے دو ایک سے جیتی تھی۔

پی آئی اے کے مسافر طیارے کا ’گمشدہ پہیہ‘ برآمد کر لیا گیا

 
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 306 سے غائب ہونے والا پہیہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے برآمد کر لیا گیا ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یہ پہیہ ایئرپورٹ کے ریموٹ پارکنگ بے کے قریب، اسپہانی ہینگر کے پاس پایا گیا۔
بیان کے مطابق ایئرپورٹ کے وہیل شاپ کے تکنیکی ماہرین نے یہ ٹائر ایک گراؤنڈ شدہ بوئنگ 777 طیارے کے لینڈنگ گیئر کے قریب دریافت کیا۔
پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پہیے کی علیحدگی کے نتیجے میں کسی جانی نقصان یا املاک کو نقصان پہنچنے کے شواہد نہیں ملے ہیں۔ متعلقہ حکام اس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک کی مسجد میں دھماکہ، متعدد زخمی

 
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے اعظم ورسک میں ایک مسجد کے اندر محراب کے قریب دھماکہ ہوا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس دھماکے میں جمعیت علماء اسلام جنوبی وزیرستان لوئر کے ضلعی امیر مولانا عبداللہ ندیم سمیت دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دھماکے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا منتقل کیا جا رہا ہے۔
مولانا عبداللہ ندیم پر اس سے پہلے بھی کالوشہ کے مقام پر ریموٹ کنٹرول دھماکہ ہوا تھا جس میں وہ زخمی ہو گئے تھے۔

وزیراعظم کی ہنگو کے فٹبالر محمد ریاض سے ملاقات، 25 لاکھ روپے دیے

وزیراعظم شہباز شریف کی ہنگو سے تعلق رکھنے والے فٹ بال کے کھلاڑی محمد ریاض سے ملاقات کر کے ان کے ہمت و حوصلے کی پذیرائی کی۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس موقعے پر وزیراعظم نے محمد ریاض کی 25 لاکھ کی مالی معاونت بھی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’پاکستانی نوجوان افرادی قوت ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ پاکستانی کھلاڑیوں کو ہر قسم کی سہولیات اور ان کو بین الاقوامی سطح پر مسابقت کے لیے وسائل کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔‘
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ محمد ریاض کو ان کی پسند کے وفاقی ادارے میں ملازمت دی جائے۔

جعفر ایکسپریس واقعے کے بعد تیز کارروائی پر فوج کو سلام پیش کرتے ہیں: بلاول بھٹو

 
​پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میرا خیال تھا کہ جعفر ایکسپریس پر حملے کو کلیئر کرنے میں وقت لگے گا لیکن جس چابک دستی کے ساتھ مسلح افواج نے حملہ آوروں کا خاتمہ کیا۔ وہ قابلِ تعریف ہیں۔ ہم پاک فوج کو سلام پیش کرتے ہیں۔‘
بلاول بھٹو زرداری نے جمعرات کو کراچی میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ ’بلوچستان میں ہونے والے واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم سب مل کر دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں کامیاب ہوں گے۔‘

رنگوں کا خوبصورت تہوار ہولی محبت، امن اور بھائی چارے کی علامت ہے: مریم نواز

پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ رنگوں کا یہ خوبصورت تہوار ہولی محبت، امن اور بھائی چارے کی علامت ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے جمعے کو ہولی کے تہوار پر خصوصی پیغام میں کہا کہ ’پاکستان مختلف مذاہب کی برادریوں کا حسین امتزاج ہے، سب کو یکساں حقوق و مواقع میسر ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پنجاب صوفیاء، محبت اور رواداری کی دھرتی ہے، ہر مذہب، ہر برادری کو مکمل احترام حاصل ہے۔‘
’ایسا پنجاب بنا رہے ہیں جہاں ہر شہری خود کو محفوظ، بااختیار اور برابر کا پاکستانی محسوس کرے۔ حکومت پنجاب اقلیتوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’مینارٹی کارڈ‘ کے زریعے نادار اقلیتی بہن بھائیوں کی ہینڈ ہولڈنگ کی جارہی ہے۔‘

خواجہ آصف کا خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کو بسانے کا بیان گمراہ کن ہے: بیرسٹر سیف

 
صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’وزیرِدفاع خواجہ آصف کا خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کو بسانے کا بیان گمراہ کن اور بے بنیاد ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایسے الزامات لگانے کا مقصد وفاقی حکومت کی دہشت گردی کے خلاف ناکامی کو چھپانے کی ایک ناکام کوشش ہے۔ خواجہ آصف کسی ایک دہشت گرد کی نشاندہی کریں جو خیبر پختونخوا میں بسایا گیا ہو۔‘
خواجہ آصف نے جمعرات کو قومی اسمبلی میں اپنے خطاب میں سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے دہشت گردوں کو دوبارہ خیبرپختوںخوا میں بسانے میں کردار ادا کیا تھا
بیرسٹر سیف نے مزید کہ ’خواجہ آصف نے مارشل لا کا ساتھ دینے پر معذرت کی، بہتر ہو گا کہ وہ فارم 47 پر ایم این اے بننے پر ریحانہ ڈار سے بھی معافی مانگیں۔‘
’وزیر دفاع ہونے کے ناتے خواجہ آصف کو بلوچستان واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دینا چاہیے

ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 ٹرافی ٹور کا اعلان، حیدرآباد سے آغاز

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نےاعلان کیا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹرافی کا دورہ حیدرآباد اور کراچی سے شروع ہو گا جس میں ’لومینارا ٹرافی‘ 29 مارچ تک پاکستان بھر کے 11 شہروں کا سفر کرے گی۔
واضح رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا 10واں ایڈیشن 11 اپریل سے 18 مئی تک چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
ٹرافی ٹور کے پہلے مرحلے میں مومینارہ ٹرافی حیدرآباد اور کراچی کے مختلف مقامات پر 15 مارچ تک دکھائی جائے گی۔
لیومینارا ٹرافی کے پہلے مرحلے کے دورے کا شیڈول: 14 مارچ – حیدرآباد ، 14-15 مارچ - کراچی ، 16-17 مارچ - لاہور ، 18 مارچ - ملتان ، 19 مارچ - بہاولپور ، 20 مارچ - فیصل آباد ، 22 مارچ - پشاور
 

دارالعلوم حقانیہ اور بنوں کے خودکش حملہ آوروں کی شناخت ہو گئی : آئی جی پولیس

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کی پولیس کے آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ دارالعلوم حقانیہ اور بنوں کے خودکش حملہ آوروں کی شناخت ہو گئی ہے۔
آئی جی ذوالفقار حمید نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’نوشہرہ میں دارالعلوم حقانیہ اور بنوں دھماکوں کی تحقیقات جاری ہیں، دونوں دھماکوں کی سی سی ٹی وی ویڈیوز حاصل کر لی ہیں جب کہ خودکش حملہ آوروں کی اعضاء سے شناخت کر لی گئی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’بنوں واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کی ٹریکنگ بھی کر لی ہے۔ واقعے میں غیرملکی اسلحہ بھی استعمال کیا گیا ہے، اسلحے کی ٹریکنگ کر رہے ہیں کہ کس ملک سے اور کیسے آیا؟

 

شیئر: