’سعودی حکومت مصری شہریوں کے ویزوں میں توسیع کرے گی‘
’پروازوں کی معطلی کے باعث پھنس جانے والے مصری شہریوں کے مسائل انسانی بنیادوں پر حل کرنے کی اپیل ہے‘ (فوٹو: عاجل)
مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں متعین سعودی سفیر اسامہ بن احمد نقلی نے کہا ہے کہ ’سعودی حکومت مصر میں پھنس جانے والے مصری شہریوں کے ویزوں میں توسیع کرے گی۔‘
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی سفیر نے کہا ہے کہ ’بین الاقوامی پروازوں کی بندش کے باعث مصری شہری سعودی عرب واپس نہیں آسکے‘۔
دوسری طرف مصری وزیر امیگریشن نبیلہ مکرم عبد الشہید نے سعودی سفیر سے ملاقات کرکے پھنس جانے والے مصری شہریوں کے مسائل پر ان سے گفتگو کی ہے۔
انہوں نے بین الاقوامی پروازوں کی معطلی کے باعث پھنس جانے والے مصری شہریوں کے مسائل انسانی بنیادوں پر حل کرنے کی اپیل کی ہے۔
ان میں سے کئی شہری ایسے ہیں جن کے ویزوں کی میعاد ختم ہوچکی ہے جبکہ بعض ایسے ہیں جن کے اقامے ختم ہوگئے ہیں۔
مصری شہریوں کے ویزوں میں توسیع پر انہوں نے سعودی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا ہے۔