Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گاڑیاں دھو کر غریبوں کی مدد، سوڈانی نوجوانوں کی انوکھی مہم

’ایک گاڑی 200 سے 300 سوڈانی پاؤنڈ ( ایک ڈالر سے کم) میں دھوئی جاتی ہے‘ (فوٹو: الراکوہ)
رمضان المبارک کے دوران غریبوں کی مدد کے لیے سیکڑوں سوڈانی ڈاکٹرز، انجینئرز اور یونیورسٹیز کے طالبعلموں نے گاڑیاں دھو کر چند جمع کرنے کی مہم شروع کر رکھی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق دار الحکومت خرطوم کے اطراف میں رہائش پذیر غریب آبادی کو راشن فراہم کرنے کے لیے سوڈانی رضا کاروں میں سے ہر ایک روزانہ 12 سے 15 گاڑیاں دھوتے ہیں۔
رضاکاروں کا کہنا ہے کہ ’ایک گاڑی 200 سے 300 سوڈانی پاؤنڈ ( ایک ڈالر سے کم) میں دھوئی جاتی ہے‘۔
’اگر ہم روزانہ 12 سے 15 گاڑیاں دھولیں تو متعدد دیہی علاقوں میں رہائش پذیر غریبوں کے لیے راشن کے علاوہ متعدد سکولوں کی مرمت کا کام کرنے کے لیے مطلوبہ رقم جمع کرسکتے ہیں‘۔
رضاکاروں نے کہا ہے کہ ’دریائے نیل کی سیر کے لیے آنے والوں کی گاڑیاں دھونے کی پیشکش کی جاتی ہے اور لوگوں کو بتایا جاتا ہے کہ ہم کیا کرنے جارہے ہیں‘۔
’ٹیم میں ڈاکٹرز، انجینئرز، یونیورسٹیز کے طلبا اور مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے نوجوان شامل ہیں جن کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے‘۔

’ٹیم میں ڈاکٹرز، انجینئرز اور یونیورسٹیز کے طلبا شامل ہیں جن کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے‘ ( فوٹو: سکائی نیوز)

مہم میں شریک کمپیوٹر انجینئر نوجوان محمد ہود نے کہا ہے کہ ’معاشرتی اور انسانی مسائل کے حل کے لیے چندہ جمع کرنے کا انوکھا انداز ہے‘۔
’ہم معاشرے کی تعمیر کے لیے اپنے حصہ کا کام کر رہے ہیں، ہم روزانہ دریائے نیل کے کنارے آتے ہیں اور گاڑیاں دھوتے ہیں‘۔
’دوسرے انسانوں کی مدد کے لیے اپنی توانائیاں لگانا، محنت کرنا اور اپنی انا کو دبا دینا بڑا کام ہے جس سے نفسیاتی سکون ملتا ہے‘۔
’ہماری حکومت معاشی مسائل کا شکار ہے، اگر نوجوانوں نے آگے بڑھ کر ملک کے معاشی مسائل حل نہیں کیے تو کون کرے گا‘۔

شیئر: