Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان میں عمرہ زائرین اور نمازیوں کے لیے نئی ای سروسز

حرم میں زیارت کے آداب اور احکام آسان طریقے سے جان سکیں گے- (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی رمضان کے دوران عمرہ زائرین اورنمازیوں کو چالیس سے زیادہ الیکٹرانک سہولتیں فراہم کرے گی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق عمرہ زائرین اور نمازی مسجد الحرام کے صحنوں، دالانوں میں رمضان کے دوران نئی سہولتوں سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔ علاوہ ازیں جنرل پریذیڈنسی کے اہلکاروں کو مالیاتی، انتظامی اور دیگر امور انجام دینے میں سہولت ہوگی۔
مسجد الحرام و مسجد نبوی کی جنرل پریذیڈنسی اپنے تمام امورتیزی سے ڈیجیٹل سروس میں منتقل کررہی ہے۔ انتظامیہ نے ڈیجیٹل سروسز گائیڈ جاری کردی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ڈیجیٹل سروس سے براہ راست کس طرح فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

انتظامیہ نے ڈیجیٹل سروسز گائیڈ جاری کردی ہے- (فوٹو ایس پی اے)

الحرمین ایپ مقدس مساجد کی ایپس پلیٹ فارم میں سے ایک ہے۔ اس کا مقصد سعودی وژن 2030 کے تناظر میں جنرل پریذیڈنسی کی حکمت عملی کی تکمیل ہے۔ اس ایپ کی بدولت عمرہ زائرین اور نمازی جمعے کے خطبے کا مشاہدہ کرسکیں گے۔ پانچوں نمازوں کے مناظر براہ راست دیکھ سکیں گے۔ متعدد بین الاقوامی زبانوں میں زیارت کے آداب اور احکام آسان طریقے سے جان سکیں گے۔
جنرل پریذیڈنسی نے ’ارشدنی‘ سروس بھی متعارف کرائی ہے۔ اس کے ذریعے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں کسی بھی جگہ جانے کے لیے رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔

وہیل چیئرز کی بکنگ کے لیے الگ ایپہ متعارف کرائی گئی ہے- (فوٹو ایس پی اے)

معتمرون ایپ بھی متعارف کرائی گئی جس سے عمرہ زائرین کے استقبالیہ سینٹرز سے متعلق تمام معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ کہاں سے کیسے گزرنا ہے کہاں نماز ادا کرنی ہے۔ کس جگہ وہیل چیئرز اور تحائف کے کیبن ہیں۔ یہ ساری معلومات معتمرون ایپ سے حاصل کی جاسکیں گی۔ اس ایپ کا ایک بڑا مقصد عمرہ زائرین اور نمازیوں کو حرم شریف آنے جانے کے عمل میں سہولت دینا بھی ہے۔ سماجی فاصلے کے طور طریقے بھی اس کے ذریعے بیان کیے گئے ہیں جبکہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ منظم شکل میں قافلوں کی صورت میں حرم مکی آنے جانے کے کیا فوائد ہیں۔

ایپ میں قافلوں کی صورت میں حرم جانے کے فوائد بھی بتائے گئے ہیں- (فوٹو ایس پی اے)

ایک ایپ تنقل ہے اس کے ذریعے ٹکٹ خریدنے میں آسانی ہوگی۔ الیکٹرانک وہیل چیئرز اور عام وہیل چیئرز سمارٹ موبائل کے ذریعے بک کرائی جاسکیں گی۔ یہ سہولت طواف اور سعی میں بڑی مفید ثابت ہوگی۔ اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ پہلے ہی سے وہیل چیئر طواف اور سعی کے لیے بک ہوجائے  گی جبکہ ٹکٹ پوائنٹس پر بھیڑ سے بھی بچا جاسکے گا۔
منارۃ الحرمین پلیٹ فارم بھی متعارف کرایا گیا ہے اس کا مقصد مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں دینی خطابات، اسباق، لیکچر، اور وعظ و نصیحت سے استفادہ ہے- اس کی بدولت تمام خطبات اور اسباق سے باآسانی استفادہ ہوسکے گا۔ اس میں دینی سوال و جواب کی بھی سہولت رکھی گئی ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: