سچن تندولکر ہسپتال منتقل ’کورونا کو بھی چھکا لگاؤ‘
پاکستان کے سابق کرکٹر وسیم اکرم نے تندولکر کے لیے خصوصی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
چند روز قبل کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے انڈین سابق کرکٹر سچن تندولکر کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
جمعے کے روز کرکٹر کی جانب سے بتایا گیا کہ وہ بیماری کا مقابلہ کرنے کے لیے ہسپتال منتقل ہو رہے ہیں۔
47 سالہ ’لٹل ماسٹر‘ کا کورونا میں مبتلا ہونا ایک ارب تین کروڑ کی آبادی رکھنے والے ملک میں انتہائی غیرمعمولی کیس ہے۔
تندولکر ممبئی ہسپتال انڈیا کی جانب سے ورلڈ کپ جیتنے کی دسویں سالگرہ کے روز گئے ہیں۔
تندولکر نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق حفظ ماتقدم کے طور پر مجھے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’انہیں امید ہے کہ وہ چند روز میں گھر واپس چلے جائیں گے، سب احتیاط کریں اور محفوظ رہیں۔‘
تندولکر کی جانب سے اس اعلان نے ان کے کرکٹ دور کے دوستوں اور دشمنوں دونوں کو حیران کر دیا۔
بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے ٹوئٹر پیغام میں لکھا گیا ’ہم آپ کی تیز ترین صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔‘
سوشل میڈیا پر ان کے مداح بھی اس وقت ان کے لیے نیک خواہشات کے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔
انڈین پریمیئر لیگ ٹیموں کی جانب سے بھی پیغامات جاری کیے گئے ہیں۔
پاکستان کے سابق کرکٹر وسیم اکرم نے ان کے لیے خصوصی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
وسیم اکرم جنہوں نے تندولکر کو ان کے کیریئر کی پہلی گیند کروائی تھی، نے تندولکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’جب آپ سولہ سال کے تھے تب بھی آپ میں دنیا کے بہترین بولرز کا سامنا کرنے کی صلاحیت تھی، مجھے یقین ہے کہ آپ کووڈ کو بھی چھکا لگائیں گے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جلدی سے ٹھیک ہو جائیں ماسٹر، یہ بہت زبردست ہو گا جب ورلڈ کپ دو ہزار گیارہ کی سالگرہ ڈاکٹرز اور ہسپتال سٹاف کے ساتھ منائیں، مجھے تصویر بھی بھجوانا۔‘