کپتان بابر اعظم نے 16 چوکوں کی مدد سے 103 گیندوں پر شاندار سنچری سکور کی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے دی۔
جمعے کو سینچورین میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا گیا 274 رنز کا ہدف آخری اوور کی آخری گیند پر حاصل کیا۔
پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے سب سے زیادہ رنز بنائے اور مین آف دی میچ کے حق دار ٹھہرے۔ وہ 16 چوکوں کی مدد سے 103 گیندوں پر شاندار سنچری سکور کرنے کے بعد وکٹ کیپر ڈی کوک کو کیچ دے بیٹھے جبکہ امام الحق نے 70 رنز بنائے، دونوں نورٹجی کا شکار بنے۔
ڈیبیو کرنے والے دانش عزیز صرف تین رنز ہی بنا سکے، نورٹجی کی بال پر وکٹ کیپر ڈی کوک نے ان کا کیچ لیا۔ آصف علی بھی اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف دو کے انفرادی سکور پر نورٹجی کی بال پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
محمد رضوان 40 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ربادا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اوپنر فخر زمان صرف 8 رنز بنانے کے بعد ربادا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے نورٹجی نے 10 اوورز میں 51 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے رسی وینڈر ڈسن نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 123 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
پروٹیز کی جانب سے ایڈن مارکرم اور کوئنٹن ڈی کاک نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں کو شاہین شاہ آفریدی نے ایک ہی اوور میں آوٹ کر دیا۔
ڈی کاک نے 20 اور ایڈن مارکرم نے 19 رنز بنائے۔ اس سے اگلے اوور میں جنوبی افریقہ کے کپتان باووما صرف ایک کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد چوتھے نمبر پر آنے والے ہینرچ کلاسن بھی اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے اور ایک رن بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹاس جیت کر پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’وکٹ میں تھوڑی نمی ہے جس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔‘
’یہ سیریز ہمارے لیے بہت اہم ہے۔ جنوبی افریقہ کو 270 سے 275 رنز کے درمیان آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔‘
پہلے ایک روزہ میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔
پاکستان: امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، دانش عزیز، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد حسنین، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ اتوار 4 اپریل کو کھیلا جائے گا۔
جنوبی افریقہ میں پاکستانی ٹیم نے اب تک 34 ون ڈے میچز کھیلے ہیں جن میں وہ صرف 12 جیت سکی ہے۔ تاہم جیت کا بہتر ریکارڈ نہ رکھنے کے باوجود گرین شرٹس وہ واحد ایشیائی ٹیم ہے جس نے 2014-2013 میں پروٹیز کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں ہرایا تھا۔
خیال رہے کہ ون ڈے میچز میں پاکستان کے خلاف جنوبی افریقہ کا پلڑا ہمیشہ بھاری رہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 80 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے50 میں جنوبی افریقہ نے کامیابی حاصل کی جبکہ ایک بے نتیجہ رہا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے آخری پانچ میچز میں بھی جنوبی افریقہ نے تین جیتے تھے۔
پاکستان کا یہ دورہ جنوبی افریقہ 16 اپریل تک جاری رہے گا۔ اس دورے میں دونوں ٹیمیں تین ون ڈے انٹرنیشنل مقابلوں کے علاوہ چار ٹی20 میچز میں بھی مدمقابل ہوں گی۔