Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ ایئر پورٹ کا نارتھ ٹرمینل عمرہ زائرین کے لیے مخصوص

گورنر مکہ کی صدارت میں مرکزی حج کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے ( فوٹو سبق)
گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل کی صدارت میں مرکزی حج کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں رمضان کے دوران زائرین کی خدمت پر مامور اداروں کی سکیموں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق گورنر مکہ مکرمہ نے ہدایت کی کہ تمام ادارے زائرین کی خدمت کے لیے 24 گھنٹے تیار رہیں۔ ایک دوسرے سے رابطے کا معیار بلند کریں۔ زائرین کی صحت و سلامتی  کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کا اہتمام کیا جائے۔
وزارت حج و عمرہ نے اجلاس کے دوران رمضان سکیم  پیش کی۔ جس میں بتایا گیا کہ مسجد الحرام میں عمرہ زائرین اور نمازیوں کے لیے بڑی گنجائش پیدا کی گئی ہے۔ اس بات کا خیال بھی رکھا گیا ہے کہ زائرین کورونا سے بچاؤ کی تمام تدابیر کی سختی سے پابندی کریں۔ 
وزارت حج و عمرہ نے طے کیا ہے کہ رمضان میں عمرہ اور زیارت کے اجازت نامے توکلنا ایپ کے ذریعے وائرس سے محفوظ زمروں میں شامل افراد کو ہی دیے جائیں گے۔
اجازت نامے اعتمرنا اور توکلنا ایپ کے ذریعے ملیں گے جبکہ عمرہ یا نماز کے لیے مسجدا لرحام آنے والوں کے اجازت نامے توکلنا ایپ کے ذریعے استقبالیہ مراکز میں چیک ہوں گے۔ 
مقدس مساجد کی  انتظامیہ نے اجلاس کے دوران اپنا ورکنگ پروگرام پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 44 سو سے زیادہ خدمت گار رمضان کے دوران عمرہ زائرین اور نمازیوں کو سہولتیں فراہم کریں گے۔  
 پروگرام کے مطابق طواف کے لیے 14 ٹریک بنائے گئے ہیں جبکہ خانہ کعبہ سے متصل تین ٹریک بوڑھوں اور معذوروں کے لیے ہیں۔ تمام زائرین سے سماجی فاصلے کی پابندی کرائی جائے گی۔ 
محکمہ شہری ہوابازی نے بتایا کہ جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عمرہ زائرین کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
عمرہ زائرین کی کارروائی محفوظ طریقے سے نمٹانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ نارتھ ٹرمینل عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے مخصوص ہوگا۔ 

شیئر: