10 ہسپتال اور 82 ہیلتھ سینٹرز عمرہ زائرین کے لیے مخصوص
حفاظتی تدابیر کے ساتھ زائرین کو صحت کی خدمات فراہم کی جائیں گی ( فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں مکہ ہیلتھ کمپلیکس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’رمضان کے دوران عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے دس ہسپتال اور 82 ہیلتھ سینٹرز نے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔‘
العربیہ نیٹ کے مطابق مقدس شہر کے ہسپتال اور ہیلتھ سینٹرز کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے مقررہ حفاظتی تدابیر کے ساتھ زائرین کو صحت سے متتعلق خدمات فراہم کریں گے۔
الحرم ایمرجنسی سینٹر 24 گھنٹے عمرہ زائرین اور مسجد الحرام نماز کے لیے آنے والوں کی خدمت کے لیے کھلے ہوں گے جبکہ ہیلتھ سینٹرز اور ہسپتالوں کے تمام شعبے مقررہ اوقات کار کی پابندی کرتے ہوئے زائرین کو صحت سے متعلق سہولتیں پیش کریں گے۔
24 گھنٹے میں چار شفٹوں میں 6، 6 گھنٹے کی ڈیوٹیاں ہوں گی۔ ڈاکٹرز، نرسیں اور معاون طبی عملہ عمرہ زائرین اور نمازیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔
رمضان کے دوران ہسپتال اور ہیلتھ سینٹرز صحتی ایپ کے ذریعے اندراج کرانے والوں کو ویکسین بھی فراہم کرتے رہیں گے۔ خاص طور پر بوڑھوں اور ہسپتالوں کے صحت کے عملے کو ویکسین ترجیحی بنیاد پر دی جائے گی۔
مکہ ہیلتھ کمپلیکس نے رمضان کے پیش نظر انتہائی نگہداشت سیکشن میں ہنگامی انتظامات تین گنا بڑھا دیے ہیں۔