کورونا کے بڑھتے کیسز، نیوزی لینڈ نے انڈیا پر سفری پابندی لگا دی
انڈیا اس وقت وبا کی دوسری خطرناک لہر سے نبردآما ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر کئی کیسز سامنے آ رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ نے کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد انڈیا سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر دو ہفتے تک پابندی لگا دی ہے۔
خبر رساں اجنسی روئٹرز کے مطابق یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب جمعرات کو نیوزی لینڈ کی سرحد پر کورونا وائرس کے 23 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 17 انڈیا سے تھے۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن نے آکلینڈ میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ ’ہم انڈیا سے آنے والے مسافروں کی نیوزی لینڈ میں داخلے پر عارضی پابندی لگا رہے ہیں۔‘
یہ پابندی نہ صرف انڈین مسافروں بلکہ انڈیا سے سفر کرنے والے نیوزی لینڈ کے شہریوں پر بھی عائد ہوگی۔ اس پابندی کا نفاذ 11 اپریل سے 28 اپریل تک ہوگا اور اس دوران حکومت اس پابندی کو ہٹانے کے لیے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لے گی۔
جیسنڈا آرڈن نے کہا ہے کہ ’میں یہ واضح کرنا چاہوں گی کہ انڈیا سے کووڈ 19 نیوزی لینڈ پہنچنے کی وجہ سے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔‘
نیوزی لینڈ نے عملی طور پر اپنی سرحدوں سے کورونا وائرس کا خاتمہ کر دیا ہے اور 40 دنوں سے وائرس کی مقامی سطح پر منتقلی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔
انڈیا اس وقت وبا کی دوسری خطرناک لہر سے نبردآما ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر کئی کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ گذشتہ دنوں ملک میں اس وائرس کی انتہا دیکھی گئی جب کیسز کی شرح گذشتہ سال ستمبر سے بھی تجاوز کر گئی۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کی ویب سائٹ کے مطابق کورونا کے 1لاکھ 26 ہزار 789 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 685 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔