Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اجازت نامے کے بغیر آنے والے عمرہ زائرین پر دس ہزار ریال جرمانہ ہوگا: وزارت داخلہ

عمرہ اور نماز کے آرزو مند اجازت نامہ حاصل کرلیں- (فوٹو اخبار 24)
سعودی وزارت داخلہ نے انتباہ کیا ہے کہ اجازت نامے کے بغیر مسجد الحرام آنے والے عمرہ زائرین پر دس ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔
سعوددی خبررساں ادارے ایس پی اے کے  مطابق وزارت داخلہ کے عہدیدار نے جمعرات کو بیان میں کہا کہ مسجد الحرام، اس کے صحنوں، مطاف اور صفا و مروہ کے درمیان سعی سمیت تمام مقامات پر کورونا وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اژدحام کو کنٹرول کرنے کی خاطر لگائی گئی پابندیوں کو موثر بنانے کے لیے طے کیا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص رمضان کے دوران اجازت نامہ حاصل کیے بغیر عمرہ کرنے کے لیے جائے گا تو اس پر دس ہزار ریال جرمانہ ہوگا جبکہ مسجد الحرام میں اجازت نامے کے بغیر داخل ہونے کی کوشش کرنے پر ایک ہزار ریال جرمانہ کیا جائے  گا۔ جرمانے کورونا وبا کے خاتمے کے اعلان تک برقرار رہیں گے۔
وزارت داخلہ نے سعودیوں اور غیرملکیوں سے اپیل کی ہے کہ جو لوگ عمرہ کرنا چاہتے ہوں یا نماز کے لیے مسجد الحرام جانے جانے سے قبل اجازت نامہ ضرور حاصل کرلیں۔
وزارت داخلہ نے خبردار کیا کہ سیکیورٹی اہلکار تمام شاہراہوں، چیک پوسٹوں اور حرم شریف جانے والے راستوں پر اجازت نامے چیک کریں گے اور مقررہ نظام کی خلاف ورزی کرنے والوں کو روکیں گے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے سدایا کے تعاون سے اعتمرنا اور توکلنا ایپس کے نئے ایڈیشن جاری کردیے ہیں۔ سعودی شہری اور مقیم غیرملکی رمضان کے دوران عمرہ، زیارت اور نماز کے اجازت نامے ان کے ذریعے ہی حاصل کرسکیں گے جبکہ توکلنا ایپ پر  اجازت نامے دیکھے جاسکیں گے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: