مقدس مساجد کی انتظامیہ نے رمضان المبارک سے قبل آنے والے آخری جمعے کی نماز کی تمام تیاریاں مکمل کرلیں-
العربیہ نیٹ کے مطابق انتظامیہ نے بیان جاری کرکے کہا ہے کہ مسجد الحرام کی سینیٹائزنگ، صفائی، دھلائی کے کام تیز کردیے گئے جبکہ آب زمزم کی بوتلوں کی تقسیم کا بندوبست کرلیا گیا- مطاف، جانمازوں، داخلی و خارجی صحنوں میں آب زمزم کی بوتلیں زائرین میں تقسیم کی جائیں گی-

انتظامیہ نے خطبہ جمعہ کا منبر مقام ابراہیم کے عقب میں منتقل کردیا ہے- اس کی صفائی اور سینیٹائزنگ کا کام مکمل کرلیا گیا- مائیکروفون نصب کردیے گئے جو فینٹم وڈائنامک سسٹم سے چلتے ہیں-
امام کے لیے 9 مائیکرو فون لگائے گئے ہیں- موذن کے لیے 5 اور دس احتیاطی مائیکروفون رکھے گئے ہیں- منبر نماز جمعہ سے کافی پہلے پوری طرح سے تیار رہے گا- یہ کام جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے انجام دیا گیا-
مسجد الحرام کی انتظامیہ کے ماتحت حرم کے دروازوں کے اداروں نے سو سے زیادہ نگراں نمازیوں کے استقبال کے لیے تعینات کردیے ہیں- یہ لوگ حرم شریف آنے والے نمازیوں کی رہنمائی کریں گے کہ وہ کہاں نماز پڑھ سکتے ہیں اور مقررہ جگہ جانے کے لیے کونسے راستے اختیار کریں-

حرم شریف کی انتظامیہ نے اجیاد پل، الشبیکہ زینے کے دروازے، علاوہ ازیں گیٹ نمبر 91، الارقم گیٹ 70، 80، 78، 84، 74، 123 اور 121 نمازیوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں- جبکہ عمرہ زائرین کے لیے دس دروازے مقرر کیے گئے ہیں- عمرہ زائرین باب الملک فہد، اجیاد، الصفا، النبی، بنی شعیبہ، المروۃ، الارقم زینے اور المروہ پل سے عمرے کے لیے حرم شریف میں داخل ہوں گے-
مسجد الحرام کے اندر وہیل چیئرز اور آمدورفت کا پروگرام جلد نافذ کیا جائے گا- مسجد الحرام کے دروازے کھولنے اور حرم شریف آنے جانے کے عمل کو منظم کرنے نیز معذوروں کے لیے ٹریکس کی نشاندہی جلد ہوگی-
