ولی عہد کی شجر کاری مہم ، عسیر میں 25 ہزار درخت لگائے گئے
ولی عہد کی شجر کاری مہم ، عسیر میں 25 ہزار درخت لگائے گئے
جمعہ 9 اپریل 2021 11:36
جامنی رنگ کے پھولوں کی خوشبو سے علاقہ بھی معطرہوجاتا ہے(فوٹو، سبق نیوز)
ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی مہم ’سرسبز سعودی عرب‘ کے تحت عسیر ریجن کی بلدیہ نے پودے لگانے کا آغاز کردیا۔
ویب نیوز ’سبق ‘ کے مطابق عسیر ریجن میں بلدیہ کی جانب سے شجرکاری مہم کے حوالے سے ولی عہد محمد بن سلمان کی شروع کردہ مہم ’سرسبز سعودی عرب‘ کے تحت ریجن میں جیکراند کے درخت لگائے جارہے ہیں۔
بلدیہ کی جانب سے عسیر ریجن میں دنیا بھر میں مشہور جامنی رنگ کے پھولوں سے مزین خوشبودار درخت ’جیکراند‘ لگائے گئے ہیں۔ یہ درخت ابھا کی شاہراہوں پربڑی تعداد میں موجود ہیں موسم بہار میں جب ان درختوں پرپھول کھلتے ہیں تو یہ انتہائی خوشگوار منظر پیش کرتے ہیں۔
جامنی رنگ کے پھولوں سے یہ درخت بھر جاتے ہیں جبکہ انکی مہک سے علاقہ بھی معطر ہوجاتا ہے جس سے لوگوں کی نفسیات پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
عسیر ریجن کی بلدیہ کے سیکرٹری ڈاکٹر ولید الحمیدی نے کہا ہے کہ بلدیہ نے اب تک 25 ہزار درخت لگائے ہیں جس سے علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگیا۔
جیکراند درختوں پر کھلنے والے جامنی رنگ کے پھولوں کے حوالے سے ڈاکٹر ولید الحمیدی کا کہنا تھا کہ یہ پھول 8 ہفتے تک کھلے رہتے ہیں جن کی مہک سے علاقہ معطر رہتا ہے خاص کر بارش کے بعد ان پھولوں کی مہک میں غیرمعمولی اضافہ ہوجاتا ہے۔
ڈاکٹر الحمیدی نے مزید کہا کہ ولی عہد کی مہم ’سرسبز سعودی عرب‘ کے تحت عسیر ریجن میں بلدیہ نے مختلف مقامات پر10 لاکھ موسمی پودے بھی لگائے ہیں۔
واضح رہے ولی عہد محمد بن سلمان نے دو برس قبل ابھا شہر میں ’جیکراند ‘ درخت لگانے کی ہدایت کی تھی جس سے ماحول انتہائی خوشگوار ہوجاتا ہے۔