منی لانڈرنگ میں ملوث گروہ کو 106 برس قید، اٹھارہ لاکھ ریال جرمانہ
گروہ میں پانچ سعودی اور 16 غیر ملکی شامل ہیں۔ ( فائل فوٹو سبق)
سعودی عرب میں پراسیکیوشن جنرل کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ کے الزام میں 5 سعودیوں اور 16 غیر ملکیوں کو قید اور جرمانے کی سزا کا حکم سنایا گیا ہے۔
ویب نیوز سبق نے پراسیکیوشن جنرل کے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ پانچ سعودیوں نے اپنے نام سے اشیائے خورونوش کی درآمد کرنے کےلیے سات تجارتی اداروں کے لیے لائسنس جاری کرائے۔
اداروں کی کمرشل رجسٹریشن کی بنیاد پر مختلف بینک اکاونٹس کھولے گئے جن کے رقوم جمع کی جاتی اور انہیں غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک ارسال کیاجاتا۔
پراسیکیوشن کی تحقیقات میں ثابت ہوا کہ ملزمان منی لانڈرنگ میں ملوث رہے ہیں جس پرتحقیقاتی عدالت نے تمام ملزمان پرفرد جرم عائد کرتے ہوئے انہیں مجموعی طورپر 106 برس قید کی سزا کا حکم سنا دیا جبکہ 18 لاکھ ریال جرمانہ اور 50 لاکھ ریال جو کہ انہوں نے بیرون ملک منتقل کیے تھے واپسی کےعلاوہ 20 لاکھ ریال جو ان کے بینکوں میں تھے بھی ضبط کرنے کا حکم سنا دیا۔
منی لانڈرنگ میں ملوث غیر ملکیوں کو قید کی سزا مکمل کرنے کے بعد ملک بدر کردیاجائے گا جبکہ سعودیوں کو اس دوران بیرون ملک جانے کی پابندی ہوگی۔