’تمام مساجد میں نماز عشا اور تراویح کا دورانیہ 30 منٹ مقرر‘
وزیر اسلامی امور نے نئی ہدایات جاری کی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں وزیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی عبداللطیف آل الشیخ نے رمضان کے دوران تراویح اور تہجد سے متعلق نئی ہدایات جاری کی ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزیر اسلامی امور نے بیان میں کہا کہ ’سعودی عرب کی تمام مساجد میں تراویح ہوگی۔ عشا کی نماز اور تراویح کا کل دورانیہ 30 منٹ کا ہوگا۔‘
وزارت اسلامی امور نے کہا کہ ’تراویح اور تہجد کا فیصلہ وزیر صحت کی رپورٹ پر کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ملک بھر میں کورونا وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی تدابیر کا جائزہ لینے والی کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ مملکت کی تمام مساجد میں عشا سمیت تراویح کا دورانیہ 30 منٹ سے زیادہ کا نہ ہو۔‘
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور نے کہا کہ ’حفظان صحت کمیٹی کی سفارش کا مقصد یہ ہے کہ نمازی وائرس لگنے والے ماحول سے محفوظ رہیں۔ فرض نمازوں اور تراویح کے درمیان رمضان میں وائرس لگنے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ وبائی صورتحال سے نمٹنے کا تقاضا ہے کہ حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔‘
وزارت اسلامی امور نے مزید کہا کہ ’وزارت کی تمام شاخوں کے ڈائریکٹرز، مساجد کے ائمہ اور خطیبوں سے کہا ہے کہ وہ ہدایت کی پابندی،حفاظتی اور احتیاطی تدابیر کا خیال رکھیں۔‘
وزارت نے تمام مساجد کے اہلکاروں اور نمازیوں کو ہدایت کی ہے کہ ’وہ اپنی جانماز ہمراہ لائیں، ماسک لگائیں اور سماجی فاصلہ قائم کریں۔‘