Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی خاتون سات ممالک کی ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سربراہ مقرر

2025 تک عالمی ڈیجیٹل معیشت کی مالیت 23 کھرب ڈالر ہو جائےگی۔ (فوٹو عرب نیوز)
ڈیجیٹل تعاون تنظیم(ڈی سی او) کے اپنے پہلے اجلاس کے دوران  گذشتہ روز پیر کو سعودی خاتون دیما الیحیی کو ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی پہلی سیکریٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے۔ مملکت کو اس تنظیم کےصدر کی حیثیت حاصل ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس تنظیم نے بانی ممبروں کی حیثیت سے دو ممالک نائیجیریا اور عمان کو تنظیم سے الحاق کی بھی منظوری دی ہے۔
ڈیجیٹل تعاون تنظیم کے پہلے پانچ ممبر ممالک میں سعودی عرب ، بحرین، اردن، کویت اور پاکستان شامل تھے۔

ڈیجیٹل تعاون تنظیم کے پہلے پانچ ممبر ممالک میں پاکستان شامل ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

ان سات ممبر ممالک نے مل کر عالمی سطح پر مجموعی گھریلو پیداوار کا 2 ٹریلین ڈالر کا معاشی بلاک تشکیل دیا ہے۔
تنظیم کا پہلا اجلاس سعودی وزیر مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی عبداللہ السواحہ کی زیرصدارت ہوا۔
انٹرنیشنل کمیونیکیشن یونین کے سیکریٹری جنرل ہولن زاؤ، جی سی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر نایف فلاح الحجرف ، ورلڈ اکنامک فورم کے صدر بورگ برینڈے کے علاوہ  اقوام متحدہ کے مختلف پروگراموں کے نمائندوں نے بھی  اس اجلاس میں شرکت کی۔
ڈیجیٹل تعاون تنظیم  کے اجلاس میں ڈیٹا کی منتقلی ، خواتین کو بااختیار بنانے اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو فروغ دینے کے لئے اعداد و شمار کی منتقلی کے سلسلے میں ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے  مرکز کے قیام سمیت متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی  جس میں ڈیجیٹل تبدیلی پر توجہ دی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ ڈیجیٹل تعاون تنظیم  کا مقصد رکن ممالک کے مابین باہمی تعاون کو تقویت دینا ہے کیونکہ وہ ایک ایسی عالمی معیشت کے مطابق ڈھل رہے ہیں جس میں تکنیکی جدت کی وضاحت کی گئی ہے۔
تنظیم کے ممبر ممالک  اس اقدام کے تحت مصنوعی ذہانت ، سائبرسیکیورٹی ، آئی او ٹی ، بگ ڈیٹا ، 5 جی ، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور بلاک چین  جیسے جدید شعبوں میں مضبوط تعاون قائم کرسکتے ہیں۔

جدید ٹیکنالوجی سمجھنے والے نوجوانوں کو مسابقت کے لئےبہترین موقع ملےگا۔(فوٹو عرب نیوز)

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق 2025 تک عالمی ڈیجیٹل معیشت کی مالیت 23 کھرب ڈالر ہو جائےگی جس میں جی ڈی پی کا حصہ 24.3 فیصد ہوگا۔
ڈیجیٹل تعاون تنظیم  کی وساطت سے جدید ٹیکنالوجی کو سمجھنے والے نوجوانوں، خواتین، کاروباری افراد  کو گھریلو صنعت کے فروغ اور اپنےعالمی ہم عصروں کا مقابلہ کرنے اور ڈیجیٹل مسابقت کو فروغ دینے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے کا بہترین موقع ملےگا۔
علاوہ ازیں تنظیم کے ممبرممالک اس پلیٹ فارم سے عالمی بحرانوں اور کورونا  جیسے وبائی امراض کا سامنا کرنے کی تیاری کے لئے کوششوں کو مستحکم کرنے میں اپنی مہارت اور تجربات شیئر کرسکتے ہیں۔
 

شیئر: