تحریک لبیک کے سوشل اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی جائے:سی ٹی ڈی
تحریک لبیک کے سوشل اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی جائے:سی ٹی ڈی
جمعہ 16 اپریل 2021 20:43
توصیف رضی ملک -اردو نیوز- کراچی
سی ٹی ڈی نے کالعدم تحریک لبیک کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی فہرست ایف آئی اے کے حوالے کر دی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
سندھ پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو درخواست دی ہے جس میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے نفرت انگیز مواد کی ترویج کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے سربراہ ڈی آئی جی عمر شاہد حامد نے جمعے کو ایف آئی اے کے سائبر کرائم سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے نام ایک مراسلہ لکھا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ’سی ٹی ڈی نے کالعدم تحریک لبیک کے کارکنان کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے نفرت انگیز مواد کی تشہیر کی جارہی ہے اور ایسے تمام اکاؤنٹس کی فہرست مراسلے کے ساتھ منسلک ہے، لہٰذا ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔‘
ڈی آئی جی عمر شاہد حامد نے اس کے ساتھ ایس ایچ او سی ٹی ڈی راجا طارق محمود کی جانب سے مرتب کردہ 9 صفحات پر مبنی مراسلہ بھی منسلک کیا جس میں ان تمام اکاؤنٹس کی مکمل معلومات بمعہ ثبوت موجود تھیں جن کی نشاندہی سی ٹی ڈی نے کی تھی۔
ایس ایچ او راجا طارق نے بتایا کہ ’کالعدم ٹی ایل پی کے کارکنان اور ان سے منسوب سوشل میڈیا اکاؤنٹس ریاست کے خلاف منفی سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور ان کی جانب سے نفرت انگیز اور فرقہ وارانہ مواد کی تشہیر کی جارہی ہے، جس سے عوامی جذبات مجروح ہونے اور لوگوں کے مشتعل ہونے کا خدشہ ہے۔‘
واضح رہے کہ جمعے کے روز حکومت نے 4 گھنٹے تک ملک بھر میں سوشل میڈیا سروس معطل رکھی۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایک ویڈیو بیان میں بتایا کہ ’تحریک لبیک کی جانب سے جمعے کے بعد احتجاج کی توقع کی جارہی تھی جس کے بعد سوشل میڈیا مہم اور نماز جمعہ کے وقت متوقع احتجاج سے بچنے کے لیے ایسا کیا گیا۔‘
شیخ رشید اس سے پہلے بھی اپنے بیان میں کہہ چکے ہیں کہ ’ٹی ایل پی کے کارکنان کی جانب سے سوشل میڈیا اور واٹس ایپ کے ذریعے ریاست مخالف منظم مہم چلائی جا رہی ہے۔‘
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جمعرات کو وزارت داخلہ نے ایک مراسلہ جاری کیا تھا جس میں تمام سرکاری اداروں کو ایسے عناصر کی نشاندہی کرنے کی استدعا کی تھی جو ملک میں افراتفری پھیلانے اور لوگوں کو اشتعال دلانے لیے سوشل میڈیا پر مہم چلا رہے ہیں۔
مراسلے میں وفاق کے ماتحت تمام اداروں کو مخاطب کیا گیا تھا اور ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا تھا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کی معلومات سفارت خانوں کو بھی مہیا کی جائیں تاکہ ان کے لیے آئندہ غیر ملکی ویزے کا حصول بھی ناممکن ہو جائے۔