ایران 60 فیصد تک یورینیم افزودہ کر رہا ہے، آئی اے ای اے کی تصدیق
نئی پیشرفت ایران سے ہوئے جوہری معاہدے کے متعلق ویانا میں ہونے والے مذاکرات کا مستقبل مخدوش کر سکتی ہے۔ (فوٹو: اے پی)
جوہری توانائی کے عالمی ادارے آئی اے ای اے نے سنیچر کو کہا ہے کہ ایران نے نطنز کے پائلٹ فیول انرچمنٹ پلانٹ پر یورینیم کی 60 فیصد کی سطح تک افزودگی شروع کر دی ہے۔
خیال رہے قبل ازیں ایرانی حکام نے یورینیم کی 60 فیصد تک افزودگی شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایجنسی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’آئی اے ای اے تصدیق کرتا ہے ایران نے یو ایف سکس کی پیدوار 60 فیصد تک نطنز پلانٹ میں IR-4 اور IR6 سینری فیوجز کے ذریعے شروع کیا ہے۔‘
یو ایف سکس یورینیم ہیکزا فلورائیڈ ہے اور یہ یورینیم کی وہ شکل ہے جسے افزودگی کے لیے سینٹری فیوجز میں بھرا جاتا ہے۔
خیال رہے ایران نے منگل کو یورینیم کی افزودگی 60 فیصد تک بڑھانے کا اعلان کیا تھا جو اب تک کی بلند ترین شرح ہے۔
عرب نیوز کے مطابق نئی پیشرفت ایران سے ہوئے جوہری معاہدے کے متعلق ویانا میں ہونے والے مذاکرات کا مستقبل مخدوش کر سکتی ہے۔
اس سے قبل ایران یورینیم کو 20 فیصد کی سطح تک افزودہ کر رہا تھا اور اسے 60 فیصد پر لے جانا تہران کو 90 فیصد خالص افزودگی کے اس مقام کے قریب لے آئے گا جو جوہری بم بنانے کے لیے ضروری ہوتا ہے۔