Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کی کرکٹ کو اولمپک گیمز کا حصہ بنانے کی حمایت

بی سی سی آئی نے کرکٹ کو اولمپک گیمز 2028 کا حصہ بنانے پر زور دیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
انڈین کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کو دنیا کی سب سے بڑی کھیلوں کی تقریب اولمپک گیمز کا حصہ بنانے کی حمایت کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے ٹی20 فارمیٹ کو 2028 کے اولمپک گیمز میں شامل کرنے پر زور دیا ہے۔
اس سے قبل سنہ 1900 میں کرکٹ کو پیرس میں منعقد ہونے والے اولمپک گیمز میں شامل گیا تھا۔
دنیا کے امیر ترین کرکٹ بورڈز میں شمار ہونے والے انڈین بورڈ (بی سی سی آئی) نے اس سے پہلے کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے کی مخالفت کی تھی۔
بی سی سی آئی کے خیال میں کرکٹ کی اولمپکس میں شمولیت سے انڈین بورڈ کی خودمختاری ختم ہونے کے علاوہ اولمپک کمیٹی کے سامنے جوابدہ ہونا پڑے گا۔
تاہم بی سی سی آئی نے جمعے کو ہونے والی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد اپنا مؤقف تبدیل کر لیا ہے۔
بی سی سی آئی کے عہدیدار ارن سنگھ نے روئٹرز کو بتایا کہ کرکٹ کے اولمپکس میں شمولیت پر دلچسپی رکھتے ہیں تاہم اس حوالے سے تمام پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے۔
بی سی سی آئی نے خواتین کی کرکٹ ٹیم کو بھی آئندہ سال برمنگھم میں ہونے والی کامن ویلتھ گیمز میں بھیجنے پر آمدگی کا اظہار کیا ہے۔
سنہ 1998 میں پہلی مرتبہ کرکٹ کو کامن ویلتھ گیمز کا حصہ بنایا گیا تھا جب جنوبی افریقی ٹیم نے کوالا لمپور میں گولڈ میڈل بھی جیتا تھا۔
بی سی سی آئی کے عہدیدار ارن سنگھ نے بتایا کہ رواں سال انڈیا میں اکتوبر سے نومبر تک کھیلے جانے والے ٹی 20  ورلڈ کپ کے میچز کے لیے کرکٹ گراؤنڈز کی نشاندہی کر لی گئی ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
انڈیا کے مقامی میڈیا کے مطابق ورلڈ کپ کے فائنل میچ احمد آباد میں نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلے جانے کا امکان ہے جہاں ایک لاکھ 23 ہزار شائقین کی گنجائش ہے۔

شیئر: