Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: انڈیا کی جانب سے پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری کرنے کی منظوری

اس سے قبل یہ ٹورنامنٹ گذشتہ برس آسٹریلیا میں 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک کھیلا جانا تھا (فوٹو: بشکریہ آئی سی سی)
انڈیا نے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
جمعے کو انڈین میڈیا نے بتایا کہ ’انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایپکس کونسل کو منظوری کی باضابطہ اطلاع دے دی ہے۔‘
انڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ ’انڈیا میں ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی صحافیوں کو بھی ویزے دیے جائیں گے۔‘

 

انڈیا نے پاکستانی شائقین کو ویزے جاری کرنے سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان 14 فروری 2019 کو پلوامہ واقعے کے بعد کشیدگی پیدا ہو گئی تھی، اس وجہ سے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری کرنے کا معاملہ بھی کھٹائی میں پڑ گیا تھا۔
اس کے بعد آئی سی سی نے اس حوالے سے امید کا اظہار کیا تھا کہ انڈیا کی جانب سے پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری کر دیے جائیں گے۔
انڈیا کی جانب سے پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری کرنے کی منظوری کو دونوں ممالک کے تعلقات میں حالیہ بہتری کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ ساتواں ٹی20 ورلڈ کپ رواں برس اکتوبر اور نومبر میں انڈیا میں کھیلا جائے گا جس میں 16 ممالک حصہ لیں گے۔
ایونٹ میں کل 45 میچز کھیلے جائیں گے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔
اس سے قبل یہ ٹورنامنٹ گذشتہ برس آسٹریلیا میں 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک کھیلا جانا تھا تاہم دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث اسے رواں سال تک ملتوی کر دیا گیا۔  

شیئر:

متعلقہ خبریں