سعودی خاندانوں کو گھروں کی فراہمی آسان بنانے کے لیے معاہدے
اتوار 18 اپریل 2021 21:05
سعودی وزارت ہاؤسنگ کے سکنی پروگرام نے چار معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزارت ہاؤسنگ کے سکنی پروگرام نے ریاض میں منعقدہ 2021 کی پہلی سہ ماہی میں سکنی فورم کے دوران متعدد ایجنسیوں کے ساتھ چار معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ان معاہدوں کا مقصد ایسے بے گھر خاندانوں کو اپنے گھر مہیا کرنا ہے جن کے پاس اپنا گھر نہیں ہے اور سعودی خاندانوں کو اپنے مکان کا مالک بنانے کے لیے آسانی فراہم کرنا ہے۔ یوں 2030 تک گھر کی ملکیت کو 70 فیصد تک بڑھا کر ویژن 2030 کے اہداف کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔
سعودی وزارت ہاؤسنگ کے سکنی پروگرام نے متعدد شراکت داروں،بشمول فنانسروں، ڈویلپرز اور ٹھیکیداروں کو آخری مدت کے دوران کی جانے والی کوششوں اور پروگرام کے اہداف کے حصول میں ان کی شراکت پراعزازی سند دی ہے۔ اس پروگرام میں وزیر ہاؤسنگ ماجد الحقیل نے شرکت کی۔
ان معاہدوں پر جو نجی شعبے کے ساتھ شراکت میں عمل میں آئیں گے، اس میں قومی تعمیراتی کمپنی کے ساتھ شراکت میں سکنی پلیٹ فارم کے ذریعے خود تعمیراتی آپشن کے مستفید افراد کے لیے ماڈل انجینئرنگ ڈیزائن مہیا کرنا شامل ہے۔
پہلا معاہدہ ٹیکنیکل ایکسس فاؤنڈیشن فار آرکیٹیکچرل کنٹریکٹنگ کے ساتھ تھا جبکہ دوسرا معاہدہ احمد بن عبد اللہ التویجری آرکیٹیکچرل کنسلٹنگ آفس، تیسرا اسایل انجینئرنگ کنسلٹنگ آفس اور چوتھا ایبڈا گروپ انجینئرنگ کنسلٹنٹس کے ساتھ تھا۔
فورم کے دوران نیشنل ہاؤسنگ کمپنی اور سعودی کنٹریکٹرز اتھارٹی نے سکنی کے خود تعمیراتی آپشن سے استفادہ کرنے والوں کے لیے عمارت اور تعمیراتی کام انجام دینے والے ٹھیکیداروں کو تیار کرنے اور لائسنس دینے کے معاہدے پر دستخط کیے۔