تین لاکھ 90 ہزار سے زیادہ سعودیوں کو مکانات کی فراہمی
تین لاکھ 90 ہزار سے زیادہ سعودیوں کو مکانات کی فراہمی
ہفتہ 16 جنوری 2021 5:29
ہدف سے 30 فیصد زیادہ مکانات مہیا کیے گئے ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزیر آباد کاری ماجد الحقیل نے کہا ہے کہ 2020 کے دوران مکان سکیم نے مقررہ ہدف سے زیادہ کامیابی حاصل کی ہے۔ تین لاکھ 90 ہزار 819 خاندانوں کو مکان فراہم کر دیے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق 2020 میں کورونا وبا کے بعد استثنائی حالات کے باوجود ہدف سے 30 فیصد زیادہ مکانات مہیا کیے گئے ہیں۔
ماجد الحقیل نے بیان میں کہا کہ 2020 کے دوران مملکت بھر میں ایک لاکھ 38 ہزار 317 خاندانوں اپنے مکانات میں منتقل ہوگئے۔
مکان پروگرام 2017 میں شروع کیا گیا تھا۔ اب تک 11 لاکھ سعودی خاندان اس سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔
وزیر آباد کاری نے مزید کہا کہا کہ 2020 کورونا وبا کی وجہ سے چیلنج والا سال تھا۔ اس کے باوجود وزارت نے فقید المثال کامیابی حاصل کی ہے۔ 3 لاکھ 90 ہزار سے زیادہ خاندانوں کے خواب شرمندہ تعبیر کیے جاسکے۔ اس کا سہرا رہائشی پروگرام کےعملے اوراس میں شامل تمام فریقوں کے سر جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2017 میں ’سکنی‘ (میرا مکان) پروگرام شروع کیا تھا۔ اس کے تحت 4 لاکھ 24 ہزار خاندانوں کو تیار مکانات اور زیر تعمیر مکانات خریدنے کے لیے آسان شرائط پر سو فیصد قرضے فراہم کیے گئے۔ اپنا مکان از خود تعمیر کرنے کے لیے بھی قرضوں کی سہولت دی گئی ہے۔