Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کی قدس فورس کے ڈپٹی کمانڈر انتقال کر گئے

65 سالہ محمد حجازی لبنان میں ہونے والی کارروائیوں میں ملوث تھے۔(فوٹو مہر نیوز ایجنسی)
ایران کے فوجی ونگ قدس فورس کے نائب کمانڈر جو غیر ملکی پراکسی ملیشیا کی نگرانی کرتے تھے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔
عرب نیوز میں شائع ہونے والی خبر میں بتایا گیا ہے کہ ایرانی میڈیا کے مطابق بریگیڈئیر جنرل محمد حجازی کی وفات کا اعلان اسلامی انقلابی گارڈ کارپس (آئی آر جی سی) کی جانب سے کیا گیا ہے۔  ان کی موت کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
محمد حجازی اسلامی انقلابی گارڈ کارپس کی بیرون ملک مقیم قدس فورس میں ایک اہم شخصیت تھے، قبل ازیں جنوری2020 میں ایران کی قدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی ایک امریکی فضائی حملے میں مارے گئے تھے۔
ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد حجازی جن کی عمر 65 برس تھی وہ  لبنان میں ہونے والی کارروائیوں میں ملوث تھے جہاں ایران حزب اللہ کو فنڈز کے ساتھ مدد فراہم کرتا ہے۔
واضح رہے کہ قدس فورس کو امریکہ، یورپ اور مشرق وسطی کے بہت سے ممالک کی جانب سے دہشت گرد تنظیم سمجھا جاتا ہے۔

شیئر: