بحر احمر امریکہ کیلئے غیر محفوظ ہوگیا
لندن۔۔۔۔ایرانی پاسداران انقلاب کے خارجی باز’’فیلق القدس‘‘ کے کمانڈر قاسم سلیمانی نے کہا ہے کہ بحر احمر امریکی افواج کیلئے محفوظ نہیں رہا۔ انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کو نیابتی جنگ کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ فیلق القدس فورس ایرانی مسلح افواج کی مداخلت کے بغیر امریکی افواج سے ٹکر لے گی۔ وہ ہمدان شہر کے مضافات میں واقع فوجی اڈے پر خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے ایرانی صدر حسن روحانی کو امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکی کا سخت لب و لہجے میں جواب دیا۔ ایرانی صدر نے دھمکی دی تھی کہ اگر امریکہ نے نومبر کے مہینے میں ایران کے خلاف پابندیاں لگائیں تو ایران آبنائے ہرمز سمیت متعدد آبناؤں کو بند کردیگا۔ سلیمانی نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے جنگ کا آغاز آپ کریں اس کا فیصلہ ہم کرینگے اور تمہارے تمام وسائل تباہ کرکے دم لیں گے۔