مکہ میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لیے مرکز کا آغاز
مکہ میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لیے مرکز کا آغاز
منگل 20 اپریل 2021 14:02
یہ مرکز روڈ سیفٹی میں اضافے کے لیے اقدامات کو بھی یقینی بنائے گا (فوٹو: عرب نیوز)
رائل کمیشن برائے مکہ اور مشاعر مقدسہ نے مکہ میں یونیفائیڈ سینٹر برائے ٹرانسپورٹ کا آغاز کردیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ایک پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ مرکز شہر میں ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کا مطالعہ کرنے اور اس شعبے میں مختلف پروگراموں کو روبہ عمل لائے گا۔‘
یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’یہ مرکز متعلقہ فریقوں اور حکام کو مربوط کرنے کے حوالے سے ایک اہم پلیٹ فارم کا کام کرے گا۔‘
نقل و حمل کے شعبے میں شامل ٹیموں کے کام کی تعریف کی گئی ہے (فوٹو: عرب نیوز)
یہ ٹرانسپورٹ کے شعبے سے متعلق تمام سرگرمیوں اور منصوبوں کی نگرانی بھی کرے گا اور اس شعبے کو اصولوں کے مطابق چلانے کے لیے ایک بنیادی ڈھانچہ تشکیل دے گا۔
مرکز کے تحت ٹرانسپورٹ سیکٹر کی منصوبہ بندی کو یکجا کرنے کا مقصد شہر اور مشاعر مقدسہ میں نقل و حمل کی ضروریات کو پورا کرنا نیز حج اور عمرہ سیزن کے دوران زائرین کی نقل و حرکت کو آسان بنانا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ان منصوبوں سے مقدس شہر کے مکینوں کے لیے ٹرانسپورٹ کے نظام میں بھی بہتری آئے گی۔‘
شعبے سے متعلق منصوبوں کی نگرانی اسی مرکز سے کی جائے گی (فوٹو: ساپٹکو)
کمیشن کے چیف ایگزیکٹیو عبدالرحمان بن فاروق اداس نے مکہ اور مقدس مقامات کے آس پاس نقل و حمل کے شعبے کو بہتر بنانے کے منصوبے میں شامل تمام ٹیموں کے کام کی تعریف کی۔
مرکز ماحولیاتی استحکام کے لیے خصوصی اہتمام کے ساتھ منصوبوں کی مالی فزیبلٹی یقینی بنانے پر بھی توجہ دے گا۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مرکز روڈ سیفٹی میں اضافے کے لیے اقدامات پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنائے گا۔‘