سردار کا گرینڈ سن: ارجن کپور نے دادی کے لیے امرتسر کو لاہور بنا دیا
سردار کا گرینڈ سن: ارجن کپور نے دادی کے لیے امرتسر کو لاہور بنا دیا
جمعہ 23 اپریل 2021 14:00
فلم میں رکل پریت سنگھ بھی مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
بالی وڈ کی فلم 'سردار کا گرینڈ سن' کا ٹریلر ریلیز ہوچکا ہے اور اس میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ستاروں میں ارجن کپور، رکل پریت سنگھ، آدیتی راؤ اور نینا گپتا شامل ہیں۔
اس فلم کی کہانی ایک دادی اور پوتے کے رشتے کے گرد گھومتی ہے۔ اس میں دکھایا گیا ہے کہ امریکہ سے واپس آنے والا پوتا (ارجن کپور) کیسے اپنی دادی (نینا گپتا) کی آخری خواہش پوری کرنے کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہو جاتا ہے۔
ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ نینا گپتا، جنہوں نے سردارنی کا کردار ادا کیا ہے، چاہتی ہیں کہ ان کا پوتا انہیں لاہور میں واقع ان کے آبائی گھر لے جائے اور اگر وہ ایسا کر لیتا ہے تو وہ اپنا بزنس انہیں دے دیں گی۔
لیکن پوتا انہیں لاہور لے جانے کی اجازت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو پاتا اور فیصلہ کرتا ہے کہ وہ ان کے آبائی گھر کو امرتسر لے آئے گا۔
ٹریلر کی ریلیز سے قبل قبل ارجن کپور نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں فلم کی ٹیم کی اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ یادگار تصاویر ہیں۔
فلم کے شروع میں آدیتی راؤ کی اپنی والدہ اور ارجن کپور کی ان کی والدہ کے ساتھ تصاویر دکھائی جاتی ہیں۔
فلم کے ہدایتکار بھوشن کمار نے انڈین نیوز ویب سائٹ انڈین ایکسپریس ڈاٹ کام کو بتایا کہ ان کی فیملی فوٹو ان کی والدہ نے شیئر کی۔
اس فلم کے بارے میں نینا گپتا کا کہنا ہے کہ ’یہ جذبات اور ہنسی سے بھرپور ہے اور اس کو گھر والوں کے ساتھ بیٹھ کر دیکھا جاسکتا ہے۔‘
'سردار کا گرینڈ سن' کی شوٹنگ گذشتہ سال کورونا وائرس کی وبا کے دوران ہوئی تھی۔ اس کو سینما گھروں میں ریلیز کیا جانا تھا تاہم بعدازاں ہدایتکار بھوشن کمار نے فیصلہ کیا کہ فلم کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ریلیز ہونا چاہیے تاکہ ان تمام لوگوں تک پہنچ سکے جن کے لیے یہ فلم بنائی گئی ہے۔