Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرانی گاڑی خریدتے ہوئے کن دس چیزوں کا خیال رکھیں

پرانی گاڑی خریدنے سے قبل چیک کرلیں کہ اس کی قانونی پوزیشن کیا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
بعض لوگ پیسے بچانے یا بجٹ کی قلت کی وجہ سے پرانی گاڑی خریدنا چاہتے ہیں۔  نئی گاڑی کا بجٹ دستیاب نہ ہونے پر بھی پرانی گاڑی کا سہارا لیا جاتا ہے۔ 
اخبار 24 کے مطابق ماہرین نے کہا ہے کہ عمدہ اور مناسب کار خریدنے کے لیے کن دس چیزوں کا خیال رکھا جائے۔ 
بجٹ اور قیمت 
سب سے پہلے تو آپ اپنا بجٹ متعین کریں۔ روسی ویب سائٹ زیڈ آر کے ماہر میخائل ڈوچکن کا کہنا ہے کہ آپ جس قسم کی گاڑی خریدنا چاہتے ہوں اس جیسی گاڑیوں کی قیمتیں دریافت کریں۔ اس بات کا اطمینان حاصل کریں کہ آپ کی مطلوبہ کار کی قیمت مارکیٹ میں اس جیسی کاروں کی اوسط قیمت سے مطابقت رکھتی ہے یا نہیں۔ آپ اس حوالے سے  تمام معلومات  گاڑیوں والی معروف ویب سائٹس وزٹ کرکے حاصل کرسکتے ہیں۔
گاڑی کی قانونی پوزیشن کیا ہے 
پرانی گاڑی خریدنے سے قبل چیک کرلیں کہ اس کی قانونی پوزیشن کیا ہے۔ گاڑی کی دستاویزات میں موجود نمبروں سے گاڑی پر موجود وی آئی این  کا نمبر ملا کر دیکھئے۔ یہ ضروری ہے کیونکہ وی آئی این کے نمبر سے گاڑی کی ملکیت کی تاریخ، ملکیت کی رپورٹوں، ٹریفک ریکارڈ اور مینٹیننس ریکارڈ کا علم ہوسکے گا۔ 
اس سے یہ بھی معلوم ہوجائے گا کہ آیا مطلوبہ گاڑی کی سلامتی کے لیے آپ کو کسی قسم کی کوئی کارروائی تو نہیں کرنی ہے۔ 
گاڑی کے ڈھانچے کا معائنہ 
پرانی  گاڑی خریدنے سے قبل اس کے ڈھانچے کی چھان بین کیجئے- خاص طور پر بیرونی ڈھانچے کو ایک دوسرے سے جوڑنے والے عناصر کا جائزہ اچھی طرح سے لیجئے- گاڑی کے رنگ کا معائنہ کیجئے- دیکھئے کہ اس پر رنگ اصلی ہے یا بعد میں کرایا گیا ہے- سامنے کی لائٹوں اور گلاس کی تاریخیں بھی چیک کیجئے پتہ چل جائے گا کہ یہ اصلی ہیں یا تبدیل شدہ ہیں۔

انجن کا معائنہ ضروری ہے تیل کے رساؤ کے بارے میں بھی اطمینان حاصل کریں۔(فوٹو ٹوئٹر)

 انجن کا معائنہ 
انجن کا معائنہ ضروری ہے۔ آواز غور سے سنیں کہ کہیں خدانخواستہ نامانوس آواز تو انجن سے نہیں نکل رہی ہے۔ علاوہ ازیں تیل وغیرہ کے رساؤ کے بارے میں بھی اطمینان حاصل کریں۔
الیکٹرانک سسٹم، اور نشستوں 
گاڑی کا الیکٹرانک سسٹم، ایئرکنڈیشن سسٹم، وائپر کے موثر ہونے نہ ہونے، گلاس کنٹرول کرنے والے سسٹم اور لائٹس نیز بلب کے نظام ، نشستوں اور گاڑی کے فرش کی کنڈیشن بھی ضرور چیک کریں۔ 
کمپیوٹر معائنہ
پرانی گاڑی خریدنے سے قبل اس کے کمپیوٹر سسٹم کا معائنہ ضرور کریں۔ پتہ لگائیں کہ گاڑی کتنی چل چکی ہے اور اسکے کمپیوٹر سسٹم کی تکنیکی حالت کیسی ہے۔ 
گارنٹی 
پرانی گاڑی خریدتے وقت یہ پتہ لگانا بھی ضروری ہے آیا ڈیلر کی طرف سے اس پر کوئی گارنٹی ہے۔ گارنٹی دستاویز بھی دیکھیں اور خریدتے وقت گارنٹی کارڈ اپنے پاس رکھیں۔

 گاڑی چلا کر دیکھیں۔ بریک سسٹم اور سپیڈ سسٹم کا تجربہ ضرور کریں۔(فوٹو ٹوئٹر)

گاڑی چلا کر دیکھیں 
بعض معائنوں پر اکتفا نہ کریں بلکہ  خریدنے سے قبل گاڑی چلا کر دیکھیں۔ بریک سسٹم اور سپیڈ سسٹم کا تجربہ ضرور کریں۔ 
اگر آپ کو پرانی گاڑی چیک کرنے کا تجربہ نہیں ہے تو کسی ایسے شخص کا سہارا لیں جو پرانی گاڑیوں کا تجربہ رکھتا ہو یا کسی ایسے دوست کی مدد لیں جسے پرانی گاڑیوں کے بارے میں معلومات ہوں۔ 
معاہدہ 
اگر آپ کو یقین ہوجائے کہ گاڑی عمدہ حالت میں ہے، مناسب ہے تو ایسی صورت میں اس کے سودے کی کارروائی شروع کریں۔ سودے کی دستاویز پر دستخط کرنے سے قبل اسے اچھی طرح سے پڑھ لیں اور تفصیلات جانے سمجھے بغیر دستخط نہ کریں۔

شیئر: