Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امیر انڈین شہری پرائیویٹ جہازوں کے ذریعے ملک چھوڑنے لگے

انڈیا سے امارات جانے والی تمام پروازوں پر اتوار سے پابندی عائد کر دی جائے گی۔ فوٹو اے ایف پی
کورونا کی وبا میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد انڈیا میں امیر افراد ملک سے نکلنے کی دوڑ میں لگ گئے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف فضائی سفر کے کرایوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے بلکہ پرائیوٹ جیٹ کی مانگ بھی بڑھ گئی ہے۔
عرب امارات نے انڈیا سے آنے والی پروازوں پر پابندی کے اعلان کیا ہے جس کا اطلاق 25 اپریل سے ہوگا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق متحدہ عرب امارات کے لیے انڈین پروازوں پر پابندی کے اطلاق سے قبل کورونا سے خوفزدہ انڈین شہری ملک سے نکلنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
انڈیا میں کورونا وائرس کی صورتحال بے قابو ہونے کے بعد انڈیا سے امارات جانے والی پروازوں پر اتوار کے روز سے پابندی عائد کر دی جائے گی۔
جمعے اور سنیچر کو ممبئی سے دبئی جانے والی پروازوں کا یک طرفہ کرایہ ایک ہزار ڈالر تک پہنچ گیا ہے جو عام قیمت سے دس گنا زیادہ ہے۔
جبکہ دہلی سے دبئی جانے والی پرواز کا کرایہ 50 ہزار انڈین روپے سے زیادہ ہے جو عام قیمت سے پانچ دگنا زیادہ ہے۔
اتوار کے لیے کوئی ایئر لائن ٹکٹ فراہم نہیں کر رہی، اس دن سے فلائٹ آپریشن دس دن کے لیے معطل کر دیے جائیں گے۔
چارٹر کمپنی ایئر چارٹر سروس انڈیا کے ترجمان کے مطابق پرائیویٹ جیٹ میں لوگوں کی دلچسپی حد سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ان کی چارٹر سروس کی سنیچر کو 12 پروازیں دبئی جا رہی ہیں، جس میں تمام سیٹیں بک ہوئی ہیں۔
ایک اور چارٹر کمپنی اینتھرال ایوی ایشن کے ترجمان نے بتایا کہ طلب کو پوار کرنے کے لیے مزید جہازوں کی درخواست کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ممبئی سے دبئی جانے کے لیے 13 سیٹوں پر مشتمل جیٹ کی قیمت 38 ہزار ڈالر ہے، جبکہ چھ سیٹوں پر مشتمل جہاز کا کرایہ 31 ہزار ڈالر ہے۔
عام دنوں میں انڈیا سے متحدہ عرب امارات کے لیے 300 کمرشل پروازیں ہفتہ وار چلائی جاتی ہیں۔
عرب امارات میں تقریباً 30 لاکھ سے زیادہ انڈین رہتے ہیں جو وہاں کی آبادی کا ایک تہائی حصہ ہیں، ان میں سے اکثر دبئی میں رہائش پذیر ہیں۔
خیال رہے انڈیا میں کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافے کے بعد دارالحکومت دہلی  اور ملک کے دوسرے علاقوں کے قبرستانوں اور شمشان گھاٹوں میں جگہ کم پڑ رہی ہے، جس کے بعد اجتماعی تدفین اور چتائیں جلانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ہسپتال کورونا کے مریضوں سے بھر رہے ہیں اور نئے مریضوں کے لیے بیڈز دستیاب نہیں۔ 

شیئر: