انڈیا: چور ویکسین بھرا بیگ واپس چھوڑ گیا، ’معلوم نہیں تھا اس میں کورونا کی دوا ہے‘
چور بیگ کے ساتھ ہندی میں لکھا ہوا ایک پیغام بھی چھوڑ گیا تھا۔ فوٹو این ڈی ٹی وی
انڈیا کی ریاست ہریانہ کے ایک ہسپتال سے کورونا ویکسین سے بھرا بیگ چوری ہونے کے چند گھنٹوں بعد ہی چور نے ایک پیغام کے ساتھ بیگ واپس چھوڑ دیا۔
انڈین این ڈی ٹی وی کے مطابق ریاست ہریانہ کے جند جنرل ہسپتال کے سٹور سے کورونا ویکسین سے بھرا بیگ جمعرات کے روز چوری ہوگیا تھا۔ اس بیگ میں ویکسین کی ایک ہزار 700 خوراکیں موجود تھیں۔
چوری کیے ہوئے بیگ کی تلاشی لیتے ہی چور کا ارادہ بدل گیا اور دوپہر تک بیگ اسی حالت میں واپس چھوڑ گیا۔
بیگ کے ساتھ چور نے ہندی میں لکھا ہوا ایک پیغام بھی چھوڑا تھا جس میں انہوں نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ 'انہیں معلوم نہیں تھا کہ اس میں کورونا کے علاج کی دوا تھی۔'
’معاف کر دیں، مجھے معلوم نہیں تھا کہ اس میں کورونا کی دوا ہے۔‘
چور سول لائنز پولیس سٹیشن کے باہر ایک چائے کی دکان پر بیگ چھوڑ گیا تھا۔
چور نے بیگ چھوڑتے ہوئے دکان دار کو بتایا کہ 'وہ پولیس اہلکاروں کے لیے کھانا لے کر آئے ہے اور اب اپنے دیگر کام کرنے جا رہے ہیں۔'
چور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس انہیں تلاش کرنے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے۔
پولیس کے خیال میں چور نے اینٹی وائرل ڈرگ ریمڈیسیور سمجھتے ہوئے ویکسین چوری کی ہوگی۔
انڈیا میں یکم مئی سے 18 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کو بھی ویکسین لگنا شروع ہو جائے گی، جبکہ رجسٹریشن کا عمل 28 اپریل سے شروع ہوگا۔
انڈیا میں کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافے کے بعد دارالحکومت دہلی کے قبرستانوں اور شمشان گھاٹوں میں جگہ کم پڑ رہی ہے، جس کے بعد اجتماعی تدفین اور چتائیں جلانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔