Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دورہ کراچی منسوخ، عید کے بعد نئی حکمتِ عملی کا اعلان ہوگا: مریم نواز

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’پیپلز پارٹی کے فیصلے سے پی ڈی ایم کے بیانیے کو نقصان پہنچا‘ (فوٹو: اے ایف پی)
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کورونا وائرس میں اضافے کی وجہ سے کراچی کے حلقہ این اے 249 کی انتخابی مہم میں شرکت کا فیصلہ منسوخ کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مریم نواز کے اس فیصلے کو سراہا ہے۔
سنیچر کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے بتایا کہ ’انہوں ںے یہ فیصلہ ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے کیا ہے۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’میری کراچی جانے کی تمام تیاریاں مکمل تھیں، تاہم میں نہیں چاہتی تھی کہ میری وجہ سے لوگوں کو تکلیف پہنچے۔‘

 

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’پی ڈی ایم آج بھی کھڑی ہے، رمضان کے بعد نئی حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا۔‘
  مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’پی ڈی ایم عوامی توقعات کے مطابق فیصلے کرے گی۔‘
انہوں ںے کہا کہ ’نواز شریف، شہباز شریف اور حمزہ شہباز متحد ہیں، شہباز شریف آج بھی نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم سے متعلق ایک سوال پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ’پیپلز پارٹی میرا ہدف نہیں ہے، پی ڈی ایم سے نکلنے کی ذمہ دار پیپلز پارٹی خود ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پیپلز پارٹی کے فیصلے سے پی ڈی ایم کے بیانیے کو نقصان پہنچا اور اپوزیشن کی تقیسم کا تاثر ابھرا۔‘
’بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی کے ساتھ اچھا تعلق ہے، ہم کراچی میں ان کے خلاف الیکشن لڑ رہے ہیں، لیکن ہم ایک حد سے زیادہ ان پر تنقید کرنا چاہتے ہیں نہ کراچی کے ضمنی الیکشن کو ذاتی سطح پر لے جانا چاہتے ہیں۔‘

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’ہم ایک حد سے زیادہ پیپلز پارٹی پر تنقید نہیں کرنا چاہتے‘ (فوٹو: پی پی پی میڈیا)

مریم نواز نے کہا کہ ’ہم نے یہ طے کیا تھا کہ ایک دوسرے کی ذاتیات پر حملے نہیں کریں گے۔‘
بیرون ملک روانگی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ’اگر حکومت مجھے پلیٹ میں رکھ کر بھی ہوائی جہاز کا ٹکٹ دے تو میں ملک سے باہر نہیں جاؤں گی۔‘
’یہ چاہتے ہیں کہ میں ملک سے باہر چلی جاؤں، جب وہ یہ کہتے ہیں کہ میں ملک سے باہر جانا چاہتی ہوں تو دراصل وہ اپنی خواہش بیان کر رہے ہوتے ہیں۔‘
انہوں ںے کہا کہ ’عوام کو فقیروں کی طرح چینی فراہم کی جا رہی ہے اور ان کے انگوٹھوں پر انمِٹ سیاہی کا نشان بھی لگایا جا رہا ہے تاکہ وہ دوبارہ چینی لینے کے لیے نہ آجائیں۔‘

فواد چودھری نے مریم نواز کی جانب سے دورہ کراچی منسوخ کرنے کو اچھی پیش رفت قرار دیا (فوٹو: پی آئی ڈی)

دوسری جانب سنیچر کو ہی کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مریم نواز کی جانب سے دورہ کراچی منسوخ کرنے کو خوش آئند قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’مریم نواز نے کراچی کا دورہ منسوخ کیا جو کہ اچھی پیش رفت ہے، الیکشن کمیشن کو بھی کورونا وائرس کی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کے لیے ایس او پیز وضع کرنی چاہییں۔

شیئر: