ٹماٹر کا جوس کن بیماریوں کے خلاف جسم کی ڈھال بن سکتا ہے؟
ٹماٹر کا جوس کن بیماریوں کے خلاف جسم کی ڈھال بن سکتا ہے؟
اتوار 25 اپریل 2021 13:41
ٹماٹر کا جوس چہرے کو جھریوں سے بچاتا ہے۔ (فوٹو: فری پکس)
ٹماٹر کا جوس وٹامن اے، بی، بی تھری ، بی سکس اور بی سیون سے مالا مال ہوتا ہے۔ اس میں دیگر بہت سارے اجزا بھی ہوتے ہیں، جن میں آئرن، میگنیشیم، پوٹاشیم، کرومیم، کولین، زنک اور فاسفورس شامل ہے۔
سیدتی میگزین میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق ٹماٹر کا رس ایک صحت مند مشروب ہے جو جسم کو مضبوط بناتا ہے۔ اس میں اینٹی آکسڈینٹ اور غذائی ریشے موجود ہوتے ہیں۔
تازہ ٹماٹر کا جوس بہترین قدرتی جوس میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے۔ اس میں غذائیت سے بھرپور مواد اور کم کیلوریز ہوتی ہیں جس کی وجہ سے یہ جسم کو فوائد پہنچانے والے بہترین مشروبات میں سے ایک ہے۔
ٹماٹر کا رس ہاضمے کو بہتر کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس میں ریشے اور جراثیم کُش عناصر ہوتے ہیں، جو پیٹ میں ہونے والے انفیکشن کو روکتے ہیں۔
ٹماٹر کا جوس پیٹ کی تیزابیت سے بچاتا ہے، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔ اس کا جوس کھانے کے ساتھ استعمال کیا جائے تو زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے، ورنہ معدے کے لیے اچھا نہیں ہوتا۔
کولیسٹرول کم کرنے میں مددگار
ٹماٹر کا جوس خون میں نقصان دہ کولیسٹرول کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے جب کہ اس میں موجود فائبر اچھے کولیسٹرول کی تیاری میں معاون ہوتا ہے۔
کینسر سے بچاؤ
ٹماٹر کے جوس میں اینٹی آکسڈینٹس ہوتے ہیں، جو کینسر خاص طور پر چھاتی، پروسٹیٹ اور پیٹ کے کینسر کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ جوس ذیابیطس اور دل کی مختلف بیماریوں سے بھی بچاتا ہے۔
ٹماٹر کا رس ایک بہت ہی اہم مادے پر مشتمل ہے جسے لائکوپین کہتے ہیں۔ اس میں کینسر کے خطرے کو روکنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔
دل کی صحت کے لیے فوائد
ٹماٹر کے رس میں فولک ایسڈ اور وٹامن بی سکس کے علاوہ نایاسن اور پوٹاشیم ہوتا ہے۔ یہ سب دل کی صحت کو برقرار رکھنے اور امراض قلب سے بچانے میں مدد دیتے ہیں۔
ٹماٹر کے جوس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ دل کی بیماری اور فالج کے خطرے کو کم کرتا ہے۔ اس کی وجہ ٹماٹر میں موجودغذائی ریشے ہوتے ہیں جو جسم میں کولیسٹرول کی سطح کو کم کرتے ہیں۔
جہاں تک پوٹاشیم کا تعلق ہے تو یہ جسم میں بلڈ پریشر کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے ایک اہم عنصر ہے۔ یہ دل اور خون کی رگوں کو صحت کے مسائل سے بچاتا ہے۔ کیلشیم خون کے جمنے کا خطرہ کم کرتا ہے۔ یہ بلڈ پریشر کی سطح کو کنٹرول کرنے میں موثر کردار ادا کرتا ہے۔
جلد کے لیے فوائد
ٹماٹر کا رس جھریوں سے بچاتا ہے۔ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ جزو جلد پر عمر بڑھنے کے آثار کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ جوس جلد کو کالے دھبوں سے نجات اور اسے ملائم رکھے میں مدد دیتا ہے۔
وزن میں کمی کے لیے فائدہ مند
تحقیق کے مطابق ٹماٹر کا رس جسم کی چربی کو جلانے اور سیلولائٹ سے نجات دلانے میں مدد کرتا ہے۔
شوگر کنٹرول کرنے میں معاون
ٹماٹر میں موجود غذائی ریشے ہاضمے کے نظام سے شکر کے انجذاب کو کم کرتے ہیں جس کے نتیجے میں بلڈ شوگر کی سطح بہتر رہتی ہے۔