آئی پی ایل کے کھلاڑی بھی کورونا سے خوفزدہ، تین آسٹریلوی کرکٹرز وطن روانہ
آئی پی ایل کے کھلاڑی بھی کورونا سے خوفزدہ، تین آسٹریلوی کرکٹرز وطن روانہ
پیر 26 اپریل 2021 8:02
آئی پی ایل میں راجستھان رائلز کی نمائندگی کرنے والے اینڈریو ٹائی اتوار کو ممبئی سے براستہ دوحہ سڈنی روانہ ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں کورونا کی روز بروز بگڑتی صورت حال نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شریک غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر اینڈریو ٹائی انڈیا میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد لیگ چھوڑ کر واپس آسٹریلیا روانہ ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’انہیں امید ہے کہ مزید آسٹریلوی کرکٹرز بھی ان کی پیروی کرتے ہوئے آئی پی ایل چھوڑ کر وطن واپس آجائیں گے۔‘
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اینڈریو ٹائی کے بعد مزید دو آسٹریلوی کرکٹرز بھی انڈیا میں کورونا کی ابتر صورت حال کے باعث آئی پی ایل چھوڑ گئے ہیں۔ اس کے بعد منتظمین پر ایونٹ ملتوی کرنے کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے۔
انڈیا میں روزانہ تین سے ساڑھے تین لاکھ کیسز اور تقریباً تین ہزار ہلاکتوں کے باوجود آئی پی ایل کو جاری رکھنے پر تنقید کی جارہی ہے۔
آئی پی ایل کی فرنچائز رائل چیلنجرز بینگلور نے ٹویٹ کی کہ ’ایڈم زمپا اور کین رچرڈسن ذاتی وجوہات کی بنا پر آسٹریلیا واپس لوٹ رہے ہیں اور وہ ایونٹ کے باقی میچز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔‘
روئٹرز کے مطابق اینڈریو ٹائی جو آئی پی ایل میں راجستھان رائلز کی نمائندگی کر رہے تھے، اتوار کو ممبئی سے براستہ دوحہ سڈنی روانہ ہوئے۔
اینڈریو ٹائی کے مطابق وہ آئی پی ایل میں ’ببل لائف کے دباؤ‘ اور آسٹریلیا کی سرحد بند ہونے کے خدشے کے پیش نظر آئی پی ایل چھوڑ کر آگئے ہیں۔‘
آسٹریلوی ریڈیو ایس ای این سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے سوچا کہ مجھے جلد گھر پہنچ جانا چاہیے اس سے پہلے کہ میں ملک سے باہر بند ہو جاؤں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’میرا خیال ہے کہ گذشتہ سال اگست سے اب تک میں صرف 11 روز اپنے گھر پر اور ببل کی زندگی سے باہر رہا ہوں۔
اینڈریو ٹائی نے بتایا کہ ’یقیناً کھلاڑیوں میں تشویش پائی جاتی ہے، کئی کھلاڑی مجھ سے رابطے میں ہیں، ان میں سے کچھ کو اس بات میں بہت دلچسپی تھی کہ میں کون سے رُوٹ سے وطن واپس گیا ہوں۔‘
انڈیا میں اس وقت بھی آسٹریلیا کے صف اول کے کئی کھلاڑی موجود ہیں جن میں سٹیو سمتھ، ڈیوڈ وارنر اور پیٹ کمنز شامل ہیں۔
یاد رہے کہ انڈیا میں اتوار کو بھی تقریباً ساڑھے تین لاکھ ریکارڈ نئے کورونا کیسز سامنے آئے۔ دارالحکومت نئی دہلی سمیت ملک بھر کے ہسپتال کورونا کے مریضوں سے بھر چکے ہیں اور ملک میں آکسیجن کی شدید قلت پیدا ہوچکی ہے۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق انڈیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 69 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جبکہ ایک لاکھ 92 ہزار 300 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا نے اپنی سرحدیں بند کر کے اور سنیپ لاک ڈاؤن لگا کر کافی حد تک کورونا کی وبا پر قابو پا لیا ہے۔