آئی پی ایل اب 29 مارچ کے بجائے 15 اپریل سے شروع ہوگی (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں کورونا وائرس کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو 17 روز کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے جو اب 29 مارچ کے بجائے 15 اپریل سے شروع ہوگی۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق جمعے کو انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ قدم کورونا وائرس کی وجہ سے اٹھایا جا رہا ہے۔
یہ بیان دہلی حکومت کی جانب سے ہونے والے اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ دہلی حکومت صحت عامہ کے حوالے سے جاری بحران کے باعث دارالحکومت میں کھیلوں کی کسی بھی سرگرمی کی اجازت نہیں دے گی۔
بی سی سی آئی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پیشگی احتیاطی تدابیر کے طور پر آئی پی ایل 2020 کو 15 اپریل تک موخر کر دیا جائے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ’بورڈ اپنے تمام فریقین کے بارے میں حساس ہے، صحت عامہ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ آئی پی ایل سے متعلقہ تمام افراد بشمول شائقین محفوظ کرکٹ سے لطف اندوز ہو سکیں۔‘
’بی سی سی آئی اس ضمن میں حکومت، وزارت امور نوجوانان، سپورٹس، صحت اور فیملی ویلفیئر سمیت تمام شعبہ جات کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔‘
قبل ازیں اسی روز ہی دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسودیا نے کہا تھا کہ ’اگلے نوٹس تک ریاست میں 200 سے زائد افراد پر مشتمل کسی بھی کانفرنس یا کھیلوں کی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس کا مقصد کورونا وائرس سے بچاؤ ہے۔‘
واضح رہے کہ دہلی شہر کی فرنچائز بھی دہلی کیپیٹلز کے نام سے آئی پی ایل میں شرکت کر رہی ہے جبکہ دوسرے شہروں کی ٹیمیں بھی ایونٹ کے لیے تیاری کر رہی تھیں۔ اس وقت تک انڈیا میں 70 سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔