Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کھلاڑیوں میں کورونا کے بڑھتے کیسز: پی ایس ایل 6 ملتوی

پی ایس ایل 6 کے پہلے مرحلے کے تمام میچز کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے تھے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان سپر لیگ کا چھٹا ایڈیشن ملتوی کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان سمیع الحسن برنی نے اردو نیوز کو پی ایس ایل ملتوی کرنے کی تصدیق کی ہے۔ 
جمعرات کو پی سی بی اور ٹیموں کے مالکان کے درمیان منعقدہ ورچوئل میٹنگ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کو فوری طور پر ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ یہ فیصلہ لیگ میں سات کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد کیا گیا۔
کرکٹ بورڈ کے بیان کے مطابق ’پی سی بی اب فوری طور پر تمام چھ ٹیموں کے شرکا کی پی سی آر ٹیسٹنگ، کورونا ویکسین اور آئسولیشن سہولیات کے لیے اقدامات کرے گا۔‘

 

کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ’پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد سہ پہر تین بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں مزید تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ پی سی بی اپنے یوٹیوب چینل پر پریس کانفرنس کو لائیو اسٹریم کرے گا۔‘
قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے تین مزید کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے کی تصدیق کی تھی۔
پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں اب تک 14 میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں 20 میچز ابھی کھیلے جانے تھے۔
پی ایس ایل ملتوی کرنے کا فیصلہ کرنے سے قبل آرگنائزنگ کمیٹی نے تمام ٹیموں کے مالکان اور ان کی منیجمنٹ کے ساتھ ورچوئل میٹنگ میں طویل مشاورت کی۔
جمعرات کی صبح کراچی کنگز کے آل راؤنڈر ڈین کرسٹین نے پی ایس ایل 6 کے باقی میچوں سے دستبرداری کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ آسٹریلیا واپس جا رہے ہیں۔
پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں چھ ٹیمیں شامل ہیں اور پہلے مرحلے کے تمام میچز کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے تھے۔
لیگ کے دوسرے مرحلے کے میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے تھے۔

شیئر: