Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سفیر کی فواد چوہدری سے ملاقات، دورہ سعودی عرب کی دعوت

سعودی وزیر برائے میڈیا ڈاکٹر مجید بن عبداللہ الکسابی کی جانب سے وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی گئی ہے۔
سعودی سفارت خانے کے مطابق پاکستان میں سعودی عرب کے سفیرنواف بن سعید المالکی نے وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے ملاقات کی اور سعودی وزیر برائے میڈیا امور کی جانب سے دعوت نامہ پہنچایا۔
اپنے دعوت نامے میں سعودی وزیر برائے میڈیا ڈاکٹر مجید بن عبداللہ الکسابی نے چوہدری فواد حسین کے لیے ماہ رمضان میں سعودی عرب کے دورے، عمرے کی ادائیگی اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کی زیارت کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
 سعودی وزیر برائے میڈیا کا کہنا تھا کہ دورے سے دونوں ممالک کے مابین میڈیا تعاون کو مستحکم کرنے کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کا بھی موقع ملے ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات پاکستان فواد چوہدری نے سعودی ہم منصب کا دعوت نامہ قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی سعودی عرب کا دورہ  کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات مشترکہ عقیدے، ثقافت، اقدار و روایات پر مبنی ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ میڈیا تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے مفاہمتی یاداشتوں پر عمل درآمد پر زور دیا گیا۔
علاوہ ازیں ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی حالیہ صورت حال اور اس ضمن میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا۔
فواد چوہدری نے سعودی سفیر کو کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے پاکستان کی سمارٹ لاک ڈاﺅن حکمت عملی سے آگاہ کیا جسے بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو کورونا سے بچانے کے لیے مزید اقدامات کے لیے پرعزم ہے۔

شیئر: