Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سعودی عرب مشترکہ ڈرامہ اور فلم پروڈکشن کی تیاریاں

فواد چوہدری کے مطابق وزیراعظم کےد ورہ سعودی عرب میں مشترکہ پروڈکشن کے حوالے سے بات ہو گی (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ڈراموں کی مشترکہ پروڈکشن پر جلد کام شروع کیا جائے۔‘
اسلام آباد میں وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید اور وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم عمران خان اگلے چند ہفتوں میں سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’دورے کے دوران دونوں ملکوں کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت ہو گی اور ثقافتی تعاون بڑھانے کے حوالے سے امور بھی زیر غور آئیں گے جس میں مشترکہ فلم اور ڈرامہ پروڈکشن بھی شامل ہیں۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ حکومت چاہتی ہے کہ مشترکہ پروڈکشن پر کام شروع کیا جائے۔‘
اس سے پہلے بھی پاکستان کے کئی مشہور ڈرامے عربی میں ڈب ہو کر سعودی عرب گئے ہیں اور پاکستان کی فلم ’پرچی‘ سعودی عرب میں بھی ریلیز ہوئی۔
فواد چوہدری جب 2019 میں وزیر اطلاعات تھے تو دونوں ملکوں کے درمیان ڈراموں و فلموں کے تبادلے سے متعلق ایک یادداشت پر دستخط  ہوئے تھے۔
سعودی عرب کے دورے کے دوران ریاض میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ پاکستان نے سعودی ایئرلائن سے درخواست کی ہے کہ ’وہ عربی میں ڈب کی گئی پاکستانی فلمیں اور ڈراموے بھی اپنی پروازوں کے دوران دکھائے۔‘

شیئر: