آکسیجن بچانے کے لیے سندھ میں ایمرجنسی کے علاوہ دیگر آپریشنز معطل
پیر 26 اپریل 2021 22:16
توصیف رضی ملک -اردو نیوز، کراچی
پابندی کا فیصلہ سوموار کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں ہونے والے صوبائی کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں کیا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا کے صوبے بھر کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں جان بچانے والے اور ایمرجنسی آپریشن کے علاوہ دیگر سرجریز اور پروسیجرز کو معطل کردیا گیا ہے۔
مرتضیٰ وباب کے مطابق یہ اقدام آکسیجن سپلائی کو بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے حکومت پنجاب اور اسلام آباد کی انتظامیہ کی جانب سے بھی ایسے فیصلے کیے جا چکے ہیں۔
حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ الیکٹیو سرجری پر پابندی کا فیصلہ کورونا کے مریضوں کی بڑھتی تعداد اور مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
اس پابندی کا فیصلہ سوموار کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں ہونے والے صوبائی کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں کیا گیا۔
اس اجلاس میں انڈس ہسپتال کے سربراہ ڈاکٹر عبدالباری بھی موجود تھے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے انڈس ہسپتال کے ترجمان فواد بن راشد کا کہنا تھا کہ ابھی ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال نہیں ہوئی، اور آکسیجن کی سپلائی بھی تاحال معمول کے مطابق قائم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ فیصلہ حفظ ماتقدم کے طور پر لیا گیا ہے۔
پچھلے سال اسی مہینے میں کورونا وبا کے دوران ہسپتالوں کی صورتحال سے موازنہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال میں سندھ بالخصوص کراچی میں ہسپتالوں کی صلاحیت خاصی بہتر ہوئی ہے جس کی وجہ سے کورونا کی تیسری لہر کے دوران ابھی تک وہ ہنگامی صورتحال پیدا نہیں ہوئی جو پچھلے سال تھی۔