امیر قطر سے سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات، دورے کی دعوت
امیر قطر سے سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات، دورے کی دعوت
پیر 26 اپریل 2021 22:17
سعودی وزیر خارجہ نے دوحہ میں امیر قطر سے ملاقات کی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے سعودی عرب کے دورے کا دعوت نامہ حوالے کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے پیر کو دوحہ کے قصر البحر میں امیرقطر سے ملاقات کی۔ انہیں شاہ سلمان کی جانب سے دورہ مملکت کا دعوت نامہ پیش کیا۔
علاوہ ازیں خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کی جانب سے امیر قطر اور قطر کے برادر عوام کی مزید ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات اور خیر سگالی کے پیغام پہنچائے۔
امیر قطر نے اپنے برادر شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے خیر سگالی کے پیغام سعودی وزیر خارجہ کے حوالے کیے جبکہ دونوں کی صحت و عافیت اور سعودی عرب کے لیے مزید ترقی و خوشحالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
امیر قطر اور سعودی وزیر خارجہ نے سعودی عرب اور قطر کے برادرانہ تعلقات اور تمام شعبوں میں انہیں فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا جبکہ علاقائی و عالمی حالات حاضرہ اور باہمی دلچسپی کے امور بھی زیر بحث آئے۔
اس موقع پر قطر میں سعودی ناظم الامور علی القحطانی اور وزیر خارجہ کے دفتر کے جنرل مینجر عبدالرحمن الداود بھی موجود تھے۔
قبل ازیں سعودی وزیر خارجہ نے دوحہ میں اپنے قطری ہم منصب سے ملاقات کی اور ان سے باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
علاوہ ازیں قطر نے ہر طرح کی نشہ آور اشیا کی سمگلنگ روکنے کے لیے سعودی عرب کے تمام اقدامات کی مکمل حمایت کی ہے۔
قطر کے نائب وزیراعظم وزیرخارجہ محمد عبدالرحمن آل ثانی نے قطر کا یہ موقف پیر کو سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کے موقع پر پیش کیا ہے۔
قطر کے خبررساں ادارے قنا کے مطابق دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے دوحہ میں ملاقات کے دوران سعودی عرب اور قطر کے درمیان تعاون کے رشتوں کا جائزہ لیا۔
خلیجی تعاون کونسل جی سی سی کی مشترکہ جدوجہد کے استحکام اور خطے کے حالات حاضرہ پر تبادلہ خیال کیا ہے۔