Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالمی برادری مارب پر حوثیوں کے حملوں پر سوال کرے: امریکی وزیر خارجہ

مارب میں اتحادی افواج کے ساتھ جھڑپوں میں پچھلے دو ماہ کے دوران دو ہزار سے زائد حوثی ہلاک ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے عالمی برداری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حوثیوں کے مارب پر فوجی حملوں اور اس کے نتیجے میں ’پیدا ہونے والے بڑے انسانی بحران‘ پر سوال کرے۔
عرب نیوز کے مطابق انٹونی بلنکن کا یہ بیان منگل کو ٹوئٹر کے ذریعے یمن میں امریکی سفیر ٹم لینڈرکنگ سے ملاقات کے بعد سامنے آیا۔
گذشتہ بدھ کو امریکی کانگریس کی سماعت میں بھی حوثیوں کی یمن اور سعودی عرب میں پرتشدد جارحیت میں اضافے اور ایران کی حوثیوں کی حمایت کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے ٹم لینڈرکنگ کو رواں سال فروری میں یمن میں ’جنگ کے خاتمے‘ کے مشن کے ساتھ تعینات کیا تھا۔ اس کے علاوہ انہیں اقوام متحدہ کی سیز فائر نافذ کرنے کی پیش کش کی حمایت کے ساتھ ساتھ انسانی امداد کے چینلز کو کھولنے اور طویل عرصے سے تعطل کا شکار امن مذاکرات کی بحالی کے لیے کام کرنا تھا۔
خیال رہے کہ یمن کے شہر مارب میں حوثیوں اور اتحادی افواج کے درمیان لڑائی جاری ہے۔
یمنی حکومت کے اندازے کے مطابق مارب میں اتحادی افواج کے ساتھ جھڑپوں میں پچھلے دو ماہ کے دوران دو ہزار سے زائد حوثی ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: