اسپانسر 4 بار تبدیل کیے جانے کی صورت میں کفالت تبدیل نہیں ہوگی(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں گھریلو کارکنوں کی ’نقل خدمات ‘ ( کفالت کی تبدیل) کی سہولت ’ابشر‘ پورٹل پر بھی فراہم کی گئی ہے تاہم کفالت تبدیل کرنے کے بعض اہم نکات کا جاننا ضروری ہے ۔ ایسے کارکن جو چار بار کفالت تبدیل کراچکے ہوں پانچویں بار انکی کفالت تبدیل نہیں کی جاسکتی۔
وزارت داخلہ کے ڈیجیٹل پورٹل ’ابشر‘ پرگھریلو کارکن ’عمالہ منزلہ‘ کی کفالت تبدیل کرنے کے قوانین کے حوالے سے مزید کہاگیا ہے کہ ابشر پورٹل پر گھریلو کارکنوں کی کفالت تبدیل کرنے کے مراحل کو انتہائی آسان بنایا گیا ہے۔
کفالت تبدیل کرانے کےلیے ’ابشر‘ پورٹل میں موجود ’کارکن‘ کے براوز میں ’گھریلو کارکنوں کی کفالت کی تبدیلی‘ (نقل خدمات العمالہ المنزلیہ ) کی کمانڈ کو اختیار کیاجائے۔ مقررہ شرائط کو پورا کرنے کے بعد ’سداد‘ سسٹم سے فیس جمع کرانے کے بعد کفالت تبدیلی کی کاروائی مکمل کی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کفالت کی تبدیلی کے لیے مقررہ شرائط کا جاننا انتہائی ضروری ہے کیونکہ اگر مقررہ شرائط میں سے کوئی ایک بھی پوری نہ ہونے کی صورت میں کفالت کی تبدیلی ممکن نہیں ہوسکتی ۔
ابشر پورٹل میں دی گئی شرائط کے مطابق کسی ایسے آجر کے پاس گھریلو کارکن کی سروسز ’کفالت‘ تبدیل نہیں کرائی جاسکتی جس کی اسپانسر شپ میں پہلے ہی چار یا اس سے زائد گھریلو عملہ موجود ہو۔
ایسے آجر جس کے ذمہ ٹریفک چالان کی ادائیگی ہو۔ جب تک ٹریفک چالان کی رقم جمع نہیں کروائی جاتی کفالت کی تبدیلی ممکن نہیں ہو گی۔
وہ کارکن جو پہلے سے چار بار اسپانسر تبدیل کرچکے ہوں ان کی سروسز دوسرے کو منتقل نہیں کی جاسکتیں۔
غیر شادی شدہ مرد آجر جن کے پاس فیملی کارڈ نہیں انہیں گھریلو کارکن مہیا نہیں کیاجاسکتا۔
وہ خاتون اسپانسر جوسماجی قانون کی شرائط کے مطابق نہیں وہ بھی گھریلو کارکن رکھنے کا حق نہیں رکھتی، مطلقہ یا بیوہ کوگھریلو کارکن رکھنے کی اجازت ہوگی۔
گھریلو کارکن کی اسپانسر شپ تبدیل کراتے وقت ضروری ہے کہ انکا اقامہ کی مدت میں کم از کم 15 دن باقی ہوں