کورونا کے نئے مریض ایک ہزار سے زیادہ ، 13 اموات
سب سے زیادہ مریض ریاض ریجن میں سامنے آئے ہیں ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں بدھ 28 اپریل کو کورونا کے نئے کیسز تیسرے دن بھی ایک ہزار سے زیادہ آئے ہیں اور ایکٹیو کیسز نو ہزار سے بڑھ گئے ہیں۔
سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایک ہزار 62 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 867 افراد صحت یاب بھی ہوئے۔‘
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 13 مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد چھ ہزار 935 ہو گئی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد نو ہزار 892 ہو گئی ہے، جن میں سے ایک ہزار 298 مریضوں کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ’سب سے زیادہ مریض ریاض ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 458 ہے جبکہ مکہ ریجن میں 231 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔‘
شرقیہ ریجن میں 136، عسیر ریجن میں 50، مدینہ ریجن میں 41، جازان ریجن میں 32، القصیم ریجن میں 30، تبوک ریجن میں 21، حائل ریجن میں 20، نجران ریجن میں 14، الحدود الشمالیہ ریجن میں 13، الباحہ ریجن میں 9 جبکہ الجوف ریجن میں 7 مریض سامنے آئے ہیں۔
اب تک چار لاکھ 15 ہزار 228 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے تین لاکھ 98 ہزار 454 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔‘