ویکسین لگوانے سے انکار، ہیلتھ اہلکار تادیبی کمیٹی کے حوالے
محکمے کے اہلکارجان بوجھ کر ویکسین نہیں لے رہے ہیں۔(فوٹو سبق)
سعودی محکمہ صحت جدہ نے کورونا ویکسین لینے سے انکار کرنے والے اپنے اہلکاروں کو تادیبی کمیٹی کے حوالے کیا ہے۔انہوں نے معقول صحت جواز کے بغیر ویکسین لینے سے انکار کیا تھا۔
سبق کے مطابق محکمہ صحت جدہ کے ڈائریکٹر نے بیان میں کہا کہ یہ بات نوٹ کی گئی تھی کہ محکمے کے اہلکار ویکسین لینے سے گریز کر رہے ہیں۔ پتہ چلا کہ جان بوجھ کر ویکسین نہیں لے رہے ہیں۔
محکمہ صحت نے بیان میں کہا کہ صحت اہلکاروں کا ایک فرض یہ بھی ہے کہ پیشہ صحت کی اخلاقیات کی پابندی کریں۔
صحت اہلکار کے لیے کورونا کے مریضوں کے علاج میں حصہ لینے کے لیے ویکسین لینا ضروری ہے۔ اگر کوئی معقول صحت عذر ہو تو الگ بات ہے۔ متعدی امراض سے بچاؤ اور وائرس لگنے کے ممکنہ خطرات سے تحفظ کے لیے کورونا ویکسین لگوانا ضروری ہے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ویکسین لینا مفاد عامہ کے حق میں ہے۔ یہ معاشرے کی سلامتی کے لیے بنائے گئے قوانین و ضوابط کے بھی عین مطابق ہے جو صحت اہلکار ویکسین لے لیتے ہیں وہ ایک طرح سے کورونا وائرس کے خطرے سے محفوظ ہوجاتے ہیں۔
ویکسین نہ لینے کی صورت میں وائرس لگنے کے خطرات میں گھرے رہتے ہیں۔ اگر خدانخواستہ ویکسین نہ لینے کی وجہ سے وہ کورونا وائرس میں مبتلا ہوکر چل بسیں تو ایسی صورت میں وہ نظام صحت کو بھی نقصان پہنچانے کا ذریعہ بنتے ہیں۔